کرناٹک : مسلم ٹھیکیداروں کے لیے 4فیصدکوٹہ والا بل اسمبلی میں پیش

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-03-2025
کرناٹک : مسلم ٹھیکیداروں کے لیے 4فیصدکوٹہ والا بل اسمبلی میں پیش
کرناٹک : مسلم ٹھیکیداروں کے لیے 4فیصدکوٹہ والا بل اسمبلی میں پیش

 



بنگلور: سیاسی مخالفت کے درمیان کرناٹک حکومت نے منگل کے روز اسمبلی میں مسلمانوں کے لیے سرکاری ٹھیکوں میں 4 فیصد ریزرویشن نافذ کرنے والا ترمیمی بل پیش کیا۔ وزیر قانون و پارلیمانی امور ایچ کے پاٹیل نے کرناٹک پبلک پروکیورمنٹ ٹرانسپیرنسی ایکٹ میں ترمیم کا بل ایوان میں پیش کیا۔

گزشتہ جمعہ کو کرناٹک کابینہ نے کے ٹی پی پی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی تھی، جس کے تحت 2 کروڑ روپے تک کے تعمیراتی کاموں اور 1 کروڑ روپے تک کے مال/خدمات کے معاہدوں میں مسلمانوں کے لیے 4 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ اس پیشکش کا اعلان وزیر اعلیٰ سدارامیا نے 7 مارچ کو 2025-26 کے بجٹ میں کیا تھا۔ بی جے پی نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اسے غیر آئینی قرار دیا اور اس کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔

بی جے پی کا کہنا ہے کہ سرکاری معاہدوں میں مسلمانوں کے لیے کوٹہ فراہم کرنا غیر منصفانہ اور آئین کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔ منگل کو پیش کیے گئے بل میں کے ٹی پی پی ایکٹ 1999 میں ترمیم کی گئی ہے تاکہ بجٹ میں اعلان کردہ اس فیصلے کو قانونی حیثیت دی جا سکے۔ بل کا بنیادی مقصد پسماندہ طبقات میں بے روزگاری کو کم کرنا اور انہیں سرکاری تعمیراتی منصوبوں میں زیادہ سے زیادہ شمولیت کا موقع فراہم کرنا ہے۔

دیگر طبقات کے لیے بھی مخصوص کوٹہ اس بل میں صرف مسلمانوں کو ہی نہیں بلکہ دیگر پسماندہ طبقات کے لیے بھی مخصوص کوٹے کی حد متعین کی گئی ہے: شیڈولڈ کاسٹ کے لیے → 17.5فیصد ۔شیڈولڈ ٹرائب  کے لیے → 6.95فیصد ۔ اوبی سی زمرہ 1 کے لیے → 4فیصد ۔ اب اس ترمیم کے ذریعے مسلمانوں کو بھی 4فیصد کا علیحدہ کوٹہ دیا جا رہا ہے، جس پر اپوزیشن جماعتوں نے سخت اعتراض جتایا ہے۔