جے این یو میں 3 اگست سے آف لائن کلاسیز شروع

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 21-07-2022
جے این یو میں 3 اگست سے آف لائن کلاسیز شروع
جے این یو میں 3 اگست سے آف لائن کلاسیز شروع

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

ہندوستان کی دیگر یونیورسٹیوں کی طرح اب جواہر لعل نہرو یونیورسٹی(جے این یو) نے بھی آف لائن کلاسز شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ جے این یو انتظامیہ نے آئندہ ماہ3 اگست2022 سے آف لائن کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  

 دیگر یونیورسٹیوں کی طرح اب جواہر لعل نہرو یونیورسٹی نے بھی آف لائن کلاسز شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ جے این یو کے رجسٹرار پروفیسر روی کیش کمار نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ اس میں انہوں نے تمام طلباء کو 3 اگست2022 سے آف لائن کلاسز میں شرکت کرنے کے لیے کہا ہے۔

وہیں طلبا نے جے این یو کے رجسٹرار پروفیسر روی کیش کمار کے ذریعہ جاری کردہ نوٹیفکیشن پر یونیورسٹی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ فیصلہ طلباء کے مفاد میں ہے۔

awazthevoice

طلبا نے کہا کہ اس فیصلے سے وہ طلباء جو گھر سے کلاسز لے رہے تھے وہ کیمپس آکر اساتذہ سے براہ راست بات چیت کرکے اپنی پڑھائی کو بہتر کرسکیں گے۔ ساتھ ہی اے بی وی پی کے کارکن اور ریسرچ طالب علم گجیندر نے کہا کہ طویل انتظار کے بعد طلبہ کو آف لائن کلاسز میں پڑھنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کو آن لائن کلاس میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آن لائن کلاس آف لائن کلاس کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ آف لائن کلاسز کے ذریعے موضوع کو بہتر طور پر سمجھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اے بی وی پی یونیورسٹی انتظامیہ سے آف لائن کلاسز کا مطالبہ کرتے ہوئے طویل عرصے سے احتجاج کر رہی تھی۔ ابھی تک جے این یو میں طلبہ کے لیے صرف آن لائن کلاسز کا انعقاد کیا جا رہا تھا۔

اے بی وی پی جے این یو یونٹ کے صدر روہت کمار نے کہا کہ اے بی وی پی شروع سے ہی کیمپس اور آف لائن کلاسز کھولنے کے حق میں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ہم نے جدوجہد بھی کی۔ کونسل نے پانچ بار احتجاج کیا، چار بار میمورنڈم دیا اور ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھائی۔

انہوں نے کہا کہ کل رات عجلت میں اسکول آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین نے 3 اگست سے آف لائن کلاسز شروع کرنے کا نوٹس دیا۔ یہ نوٹس پارلیمنٹ میں پوچھے جانے والے سوال کے تناظر میں آیا ہے۔