جھارکھنڈ:حاجیوں کی کولکاتہ آمدورفت کا کرایہ حج کمیٹی کے ذمہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 21-05-2023
جھارکھنڈ:حاجیوں کی کولکاتہ آمدورفت کا کرایہ حج کمیٹی کے ذمہ
جھارکھنڈ:حاجیوں کی کولکاتہ آمدورفت کا کرایہ حج کمیٹی کے ذمہ

 

رانچی: جھارکھنڈ سے حج پر جانے والے لوگوں کے لیے اچھی خبر ہے ۔ ریاستی حکومت یہاں سے حج پر جانے والے لوگوں کو اپنے خرچ پر کولکاتہ بھیجے گی۔ انہیں ٹرین کے ذریعے بھیجا جائے گا۔ اس کے لیے ہٹیا۔ ہوڑہ ٹرین میں الگ بوگی لگائی جائے گی۔ انہیں کولکاتہ سے لانے کا خرچ بھی حکومت برداشت کرے گی۔ یہ فیصلہ ہفتہ کو ریاستی حج کمیٹی کی میٹنگ میں لیا گیا۔

درحقیقت اقلیتی بہبود کے وزیر حفیظ الحسن اور حج کمیٹی کے چیرمین ڈاکٹر عرفان انصاری کی موجودگی میں ہوئی میٹنگ میں کہا گیا کہ اضافی کوچ کے لیے ڈی آر ایم سے بات چیت ہوئی ہے۔ اس میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ عازمین حج کے لیے ہوڑہ اسٹیشن پر بس کا انتظام کیا جائے گا۔ اس سے مسافروں کو کولکاتہ حج بھون لے جایا جائے گا۔ حج کمیٹی کھانے پینے کا بھی انتظام کرے گی۔

میٹنگ میں حج کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے کی بحالی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی چیئرمین کا درجہ بحال کرنے کے لیے حکومت کو خط بھیجے گی۔

اس سال ہندوستان سے 4314 خواتین نے 'محرم' (قریبی مرد رشتہ دار) کے بغیر حج پر جانے کے لیے درخواست دی ہے اور وہ حج پر جائیں گی۔ اقلیتی امور کی وزارت کے اعلیٰ ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال 4314 خواتین نے بغیر محرم کے حج پر جانے کی درخواست دی ہے۔ انہیں ترجیح دی جائے گی اور یہ تمام خواتین حج پر جائیں گی۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اس بار کل 24 ہزار مسافر ہوں گے، جن میں سے اب تک 22 ہزار کا اندراج ہو چکا ہے۔ اے سی بس کی سہولت فراہم کی گئی ہے، لارڈرز کی سہولت بھی ہے تاکہ حاجیوں کو سامان اتارنے اور رکھنے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسٹیٹ بینک (ایس بی آئی) کا کاؤنٹر رقم کے لیے قائم کیا گیا ہے، تاکہ حاجیوں کو کرنسی کی کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔