کورونا متاثرین کی لاوارث لاشوں کے لئے فرشتہ بن چکی ہے جاوید کی ٹیم

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-04-2021
جاوید کی ٹیم کورونا متاثرین کی لاوارث لاشوں کی آخری رسومات  ادا کرتے ہوئے
جاوید کی ٹیم کورونا متاثرین کی لاوارث لاشوں کی آخری رسومات ادا کرتے ہوئے

 

 

پونے

یوں تو پونے میں مسلم نوجوانوں کا ایک گروہ کورونا کی وجہ سے وفات پا جانے والوں کی لاشوں کو جنہیں ان کے لواحقین لاوارث چھوڑ کر چلے گیۓ ، کی آخری رسومات اور تدفین پچھلے سال کورونا کی پہلی لہر کے بعد سے ہی کر رہا ہے۔

اس بار مخلصین کی یہ ٹیم رمضان المبارک کے دوران روزے رکھ کر بھی اپنے کام کو بڑی لگن سے کر رہے ہیں۔ امت فاؤنڈیشن کے تحت کام کرنے والی اس ٹیم کے ممبر جاوید خان کا کہنا ہے کہ "ہم مذاہب میں فرق نہیں کرتے۔ ہمارے لئے انسانیت مقدم ہے۔ ہم ہندو اور مسلم دونوں متاثرین کی لاشوں کی آخری رسومات ادا کرتے ہیں"۔

فاؤنڈیشن پہلے ہی ایک ہزار سے زیادہ لاوارث لاشوں کی تدفین کر چکی ہے ۔ پی پی ای کٹس میں ملبوس اور کوویڈ 19 کے تمام تر ضوابط کی پیروی کرتے ہوئے ٹیم میتوں کی آخری رسومات کو انجام دیتی ہے۔ جب بھی انہیں مدد کے لئے مقامی انتظامیہ کا فون آتا ہے تو فاؤنڈیشن حرکت میں آجاتی ہے۔

جاوید کہتے ہیں کہ روزے کے دوران ہمیں چار گھنٹے سے زیادہ سونے یا آرام کرنے کا وقت نہیں مل پاتا کیوں کہ ہمیں علی الصبح ہی مقامی انتظامیہ اور کورونا مریضوں کے اہل خانہ کے فون آنے لگتے ہیں۔ تمام 40 ممبران روزہ کی حالت میں اس نیک کام میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔

امت فاؤنڈیشن نے اس سفر کا آغاز تقریبا تین سال قبل شہر میں نامعلوم افراد کی لاشوں کی تدفین اور انتم سنسکار سے کیا تھا۔ کووڈ 19 کے پھیلنے کے فوراً بعد شہر بھر سے میتوں کی تعداد اچانک سے بڑھ گئی ، جس کے پیش نظر فاؤنڈیشن کو اپنی خدمات میں اضافہ کرنا پڑا ۔

پونے کے محکمہ صحت نے بتایا کہ پونے ضلع میں بدھ کے روز پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے 10،902 تازہ کیسز ، 120 اموات اور 11،174 افراد کے شفا یاب ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ اس وقت ضلع میں 1،01،376 'ایکٹو کیس' ہیں جبکہ کل کیسز کی تعداد 7،53،353 ہو چکی ہے۔ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اب تک 11،767 ہے۔