جماعت اسلامی ہند(بہار)نے ہزاروں افرادکوآکسیجن،دوائیں،پلازمااورامبولنس فراہم کی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-05-2021
رمضان کٹ کی تقسیم
رمضان کٹ کی تقسیم

 

 

 

جماعت اسلامی ہندکی جاب سےمیڈیکل آکسیجن، پلازما اور ایمبولنس کاانتظام

ڈاکٹر دے رہے ہیں مفت مشورے۔

آکسیجن یونٹ قائم

مفت مشورے کے لئے بیس سے زیادہ ہیلپ لائنیں قائم

پٹنہ

جماعت اسلامی ہند، بہاربڑے پیمانے پرکورونامتثرین کی مدد کر رہی ہے۔ اس سے ہزاروں افراداستفادہ کر چکے ہیں۔ لوگوں کو آکسیجن۔دوائوں کے علاوہ ہزاروں غریب خاندانوں کو راشن فراہم کیا جارہاہے۔ جماعت کے زیر اہتمام اورمعروف سرجن ڈاکٹر احمد عبدالحئی کی سرپرستی میں 25 سے زیادہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کے تعاون سے شروع کی گئی آن لائن مفت میڈیکل کاؤنسلنگ کے کافی بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔

۔23 اپریل سے شروع کی گئی میڈیکل کاؤ نسلنگ سے روزانہ سو ڈیڑھ سو لوگ استفادہ کر رہے ہیں۔ اس امر کی اطلاع فراہم کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند ،بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ میڈیکل کاؤنسلنگ کے لئے تقریباً 20 ہیلپ لائن نمبر جاری کئے گئے ہیں۔ ان نمبروں پر صبح 8 بجے سے رات کے 11 بجے تک الگ الگ شفٹوں میں طبی ماہرین مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو دوا اور علاج تجویز کرتے ہی۔ مریضوں اور ڈاکٹروں کے بیچ میں 12 کوآرڈینیٹر س، کڑی کا کام کرتے ہیں۔ کوآرڈینیٹرس مریضوں کے فون کو ڈاکٹرس کو فارورڈ کرتے ہیں۔

مریضوں کی آن لائن کونسلنگ

مریض فون پر اپنی کیفیت بتاتے ہیں اور ڈاکٹر حضرات حسب احوال دوا اور علاج تجویز کرتے ہیں۔ حسب ضرورت دوا اور آکسیجن سلنڈر بھی پہنچا تے ہیں۔ امیر حلقہ نے بتایا کہ میڈیکل کاؤنسلنگ کے ساتھ ساتھ مریضوں کو میڈیکل آکسیجن،پلازما اور ایمبولنس سروس بھی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آکسیجن سلنڈر کی محدود تعدادکی وجہ سے بہت زیادہ لوگوں تک آکسیجن فراہم کرنے میں دشواری ہو رہی ہے۔

دفترجماعت اسلامی ہندحلقہ بہار

اس کے مد نظر جماعت اسلامی نے پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ کو مراسلہ بھیج کر 50 سلنڈر قیمتاً فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مولانا رضوان احمد نے کہا کہ جوماہرین طب تمام تر مصروفیات کے باوجود مریضوں کے لئے اپنا وقت صرف کر رہے ہیں، جماعت اسلامی ہند بہار ان کی شکرگزار ہے۔

اس کے علاوہ میڈیکل کاؤنسلنگ کو چلانے میں اپنا تعاون پیش کررہے ایسوسی ایشن آف مسلم ڈاکٹرس، فلیم پٹنہ، بہار رابطہ کمیٹی اور ایس آئی او بہارکی بھی جماعت اسلامی ممنون و مشکور ہے۔ جماعت اسلامی ہند، بہار کوروناوائرس سے متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔

جماعت کی یونٹیں پورے بہار میں سرگرم عمل ہیں۔ اس امر کی اطلاع فراہم کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے بتایا کہ انہوں نے ورچوئل میٹنگ کے توسط سے پورے بہار میں کورونا کے بڑھتے اثرات اور جماعت کی مختلف یونٹوں کی خدمات اور ضروریات کا جائزہ لیاہے۔

جائزے کے مطابق دوسری لہر کی شروعات سے لیکر اب تک کل 111 مریضوں کو آکسیجن فراہم کیا گیا۔ اب تک 10مقامات نے آکسیجن سینٹر قائم کیا ہے۔ آکسیجن کی قلت کے با وجود ضرورت مندوں کو کچھ نہ کچھ سلینڈر حاصل کرکے فراہم کیا جا رہا ہے۔ امیر حلقہ نے بتایا کہ چارمقامی یونٹوں نے منظم انداز میں دوائیں فراہم کرنے کا کام کیا ہے۔ دوسری یونٹیں بھی کچھ نہ کچھ دوائیں فراہم کی ہیں۔اب تک تقریباً1000 ضرورت مندوں کو دوائیں فراہم کی جا سکی ہیں۔

چار مقامی یونٹوں نے کارکنان کی ٹیم تیار کی ہے جو ہنگامی حالات میں ضرورت مندوں کے کام آسکتے ہیں۔ انہیں PPE کٹ وغیرہ فراہم کیا گیا ہے۔ مولانا رضوان احمدنے بتایا کہ چارمقامات پر ڈا کٹروں کی چھوٹی بڑی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس سے آن لائن اور کہیں آف لائن طبی خدمات لی جارہی ہیں۔ اب تک1500 مریضوں کو مفت سروس فراہم کی گئی ہے۔

امیر حلقہ نے بتایا کہ اس ایک ماہ میں اشیاء خوردنی پر مشتمل1500 روپے کا کٹ تیار کیا کرکے ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا۔اس اسکیم سے 3,000 فیملی مستفید ہو چکی ہیں۔دوسری طرف سمستی پور کی جماعت نے باقائدہ نفسیاتی کاؤنسلنگ کاکام منظم انداز میں شروع کیا ہے جبکہ بیشتر یونٹیں غیر منظم انداز میں یہ کام شروع سے کررہی ہیں جس سے کوڈ کے مریض اور ان کے رشتہ دار مستفید ہو رہے ہیں۔

مولانا رضوان احمد نے بتایا کہ بیشتر یونٹوں نے کووڈ سے متعلق بیداری کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔ بعض مقامات پر منظم انداز میں یہ کام ہو رہا ہے۔سہرسہ کی جماعت کووڈ سے متعلق ہمہ جہت خدمات اور رہنمائی کے لئے ایک ایک ویب سائٹ لانچ کیا ہے۔ مولانا اصلاحی نے کہاکہ تمام مقامات کی مشترکہ شکایت ”آکسیجن کی عدم حصول یابی“ کی ہے۔اس کے پیش نظر انہوں نے سرکار اور انتظامیہ سے گذارش کی کہ جماعت کی مختلف اکائیاں سرکار اور انتظامیہ کے کاموں میں تعاون کر رہی ہیں۔ لہٰذا جماعت اور اس کے کار کنوں کے ساتھ تعاون و اشتراک کا سلوک کرتے ہوئے آکسیجن اور دیگر سہولیات فراہم کریں۔

ان تمام کاموں کو مزید بہتر انداز میں انجام دینے اور عوام کو حتی المقدور سہولیات فراہم کرنے کے لئے جماعت نے ایک کووڈ ریلیف فنڈ تشکیل دیا ہے۔ امیر حلقہ نے اہل خیر حضرات سے گذارش کی ہے کہ وہ جماعت کے کووڈ ریلیف فنڈ میں تعاون کرکے انسانیت کی خدمت میں شریک ہوں۔