آواز دی وائس،نئی دہلی
اللہ پر ایمان، حنیفیت و یکسوئی چاہتا ہے۔ تسلیم و رضا اور ایثار و قربانی کا تقاضا کرتا ہے۔ اپنے اصولوں پر پہاڑ کی سی استقامت، ایمان ہی کا نتیجہ ہوتی ہے۔ ایمان ہی مقصد کے تئیں مکمل یکسوئی عطا کرتا ہے۔
یہ باتیں امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر پریس کو جاری اپنے ایک بیان میں کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی عظیم شخصیت ان اعلیٰ اوصاف کا بہترین نمونہ تھی۔ یہ ایمان ہی کا مظہر تھا کہ ظلم و بربریت کی آگ کے دہکتے شعلے آپ کے لیے توکل و اطمینان کے گلزار بن گئے۔
وہ تپتے ہوئے ویران صحرا میں انہوں نے تابناک مستقبل کے وسیع امکانات دیکھ لیے اورزندگی کی سب سے قیمتی متاع اور محبوب ترین چیز کو،عشق الہی کی بارگاہ میں قربان کر دینے میں اللہ کے اس مخلص بندے کو ایک لحظے کا بھی تامل نہیں ہوا۔
خلیل اللہ کی ان ہی اعلیٰ صفات کے چراغ عید الاضحی ہمارے دلوں میں روشن کرتی ہے اور آج ہم سب کو سب سے زیادہ یہی اوصاف پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
اللہ سے دعا ہے کہ یہ عید پوری امت کے اندر ابراہیمی جذبہ و ابراہیمی کردار کی نمو کا ذریعہ بنے، آمین۔ عید مبارک"۔