جماعت اسلامی کا حج تربیتی کیمپ : عازمین کی ہوئی عملی رہنمائی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-05-2023
جماعت اسلامی کا حج تربیتی کیمپ : عازمین کی ہوئی عملی رہنمائی
جماعت اسلامی کا حج تربیتی کیمپ : عازمین کی ہوئی عملی رہنمائی

 

پٹنہ: جماعت اسلامی ہند، سلطان گنج پٹنہ کی جانب سے مسجد مرکز اسلامی میں حج تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کی۔

تربیتی کمیپ میں خواتین سمیت کثیر تعداد میں عازمین و عازمات حج نے شرکت کی۔ اس موقع پر بہار اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیف ایکزیکیوٹیو افسر محمد راشد حسین نے سفر حج کے دوران انتظامی امور سے متعلق خاطر خواہ  رہنمائی کی۔ انہوں نے ایک اہم اطلاع فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ گیا سے21 مئی سے جانے والے گو ایئر کی پروازیں رد کر دی گئی ہیں۔

اب اسپائس جیٹ کے جہاز 7 جون سے گیا ہوائی اڈہ سے اڑان بھریں گے جس سے تقریباً ساڑھے تین  ہزار عازمین حج مقدس سفر پر جائیں گے۔

 تربیتی کیمپ کے دوران جماعت اسلامی ہند کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے حج اور سفر حج سے متعلق بعض اہم پہلوؤں پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین کے سامنے سفر حج کا مقصد واضح ہو نا چاہئے کہ آپ ہوائی جہاز کا ٹکٹ لے کر جائیں اور جنت کا ٹکٹ لے کر واپس آئیں۔ اس لئے حدیث میں کہا گیا کہ حاجی حج کرنے کے بعد ایسے لوٹتا ہے جیسے ماں کے پیٹ سے پیدا ہوا ہو۔ امیر حلقہ نے حج اور سفر حج سے متعلق بہت ساری غلط فہمیوں کا ازالہ بھی کرایا۔ امیر حلقہ نے دلاسا دلاتے ہوئے کہا کہ آپ اللہ کے مہمان اور اللہ آپ کا میزبان ہے۔ لہذا آپ کو اپنے میزبان پر کلی بھروسہ کرنا چاہئے کیوں کہ وہ قادر مطلق ہے۔ انشاء اللہ آپ کا سفر آسان ہو، حج مبرور ومقبول ہوگا۔   

awazurdu

  عادل اختر گیلانی نے حج کے عملی طریقہ پر روشنی ڈالی۔انہوں نے عرفات، منیٰ، مزدلفہ کی دشواریوں کا تذکرہ کیا اور اس کا حل بتایا۔ انہوں نے مکہ/مدینہ اور مقامات مقدسہ سے متعلق عازمین کی رہنمائی کی۔ وہیں حج، عمرہ، طواف، طواف وداع، طواف زیارہ، احرام وغیرہ سے متعلق تفصیلی رہنمائی کی۔ ہر جگہ حاجیوں کو درپیش دشواریوں کا حل بھی بتانے کی کوشش کی۔ خواتین کے مخصوص و علیحدہ مسائل سے بھی باہم واقفیت پہنچائی۔

 حج بھون مسجد کے امام مفتی عبید اللہ مظاہری نے حج کے وہ ارکان جو فرض اور واجب کے زمرے میں آتے ہیں، ان کی مزید وضاحت کی اور عازمین کو اس سلسلے میں محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔

 عازمین کی سہولت کے لئے سفر حج پر ڈاکیومنٹری فلم کی نمائش کی گئی۔

 پروگرام کے اختتام پر عازمین حج میں سے کچھ لوگوں نے اپنے تاثرات بھی پیش کئے بطور خاص اسلم جاوداں اور عارف احسن نے اپنے قیمتی تاثرات پیش کئے اور بحیثیت مجموعی اس تربیتی کیمپ کو بہت بہتر اور کامیاب قرار دیا۔

 اخیر میں امیر حلقہ کی دعا کے ساتھ تربیتی کمیپ کا اختتام ہوا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر نسیم اختر نے انجام دئیے۔ امیر مقامی پٹنہ سیٹی و نگراں کیمپ لئیق الزماں نے تمام شرکاء اور اپنے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا