سرینگر (پی ٹی آئی): کشمیر کی خوبصورت سیاحتی مقام پہلگام نے منگل کے روز اپریل کے مہینے میں اپنی تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا، جب کہ وادی بھر میں ہیٹ ویو (گرمی کی شدید لہر) کا زور برقرار ہے، اور تمام موسمی اسٹیشنز پر دن کے درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیے گئے۔سرینگر ،جو جموں و کشمیر کا گرمائی دارالحکومت ہے — میں بھی منگل کو گزشتہ تقریباً آٹھ دہائیوں کا اپریل میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، حکام نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع پہلگام نے منگل کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا ، جو کہ اس موسم کے لیے معمول سے 7.6 ڈگری زیادہ ہے، اور یہ اب تک کا سب سے بلند درجہ حرارت ہے۔
اس سے پہلے پہلگام کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 27.4 ڈگری 28 اپریل 1979 کو ریکارڈ کیا گیا تھا، حکام نے بتایا کہ سرینگر میں منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو کہ اپریل کے مہینے میں دوسرا سب سے زیادہ ہے۔
سرینگر کا اب تک کا سب سے زیادہ اپریل درجہ حرارت 31.1 ڈگری 20 اپریل 1946 کو ریکارڈ کیا گیا تھا، حکام نے مزید کہا۔
منگل کے روز سرینگر میں دن کا درجہ حرارت موسم کے معمول سے 7.7 ڈگری زیادہ تھا۔
پوری وادی کشمیر میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے، جہاں دن کے درجہ حرارت 5.5 سے 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ تک معمول سے زیادہ چل رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں آئندہ 24 گھنٹوں تک موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
جمعرات کے روز کچھ مقامات پر بارش کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔