بڑھ رہاہے،غریبوں کے بیچ گاوں میں قربانی کا رجحان

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2021
بڑھ رہاہے،غریبوں کے بیچ گاوں میں قربانی کا رجحان
بڑھ رہاہے،غریبوں کے بیچ گاوں میں قربانی کا رجحان

 

 

نئی دہلی

عیدالاضحیٰ سے قبل قربانی کی تیاریاں چل رہی، مسلمان، اس سنت نبوی وابراہیمی پر عمل کے لئے حسب حال کوشاں نظرآتے ہیں۔ گائوں سے لے کر شہروں تک مسلمان جانوروں کی قربانیاں کرتے ہیں۔حالانکہ مسلمانوں کا ایک طبقہ ان دیہاتوں میں قربانیاں کرنا پسند کرتاہے جہاں غریب لوگ رہتے ہیں اور قربانی کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ ایسے میں بہت سے سماجی ادارے مددگار بن رہے ہیں۔

راجدھانی دہلی میں جگہ جگہ پوسٹر نظر آرہے ہیں جن میں جانوروں کی قربانی کے اہتمام کی بات کہی گئی ہے۔ ان میں سے کئی پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ آپ اپنی قربانی دیہاتوں میں کراسکتے ہیں اور گوشت، غریبوں میں تقسیم کردیا جائے گا۔

مکتبہ شاہ ولی اللہ (جوگابائی،جامعہ نگر،نئی دہلی )نامی ایک ادارہ کے پوسٹر جامعہ نگر میں نظر آرہے ہیں۔ ان پوسٹروں میں لکھاہے کہ ’’اپنی قربانی کو ضرورت مندلوگوں اور مدرسوں میں صدقہ کریں۔‘‘ ادارہ مظفرنگر اور اڑیسہ میں قربانی کا اہتمام کرارہا ہے۔مظفرنگر فی حصہ کم ازکم۳۳۰۰روپے مانگے گئے ہیں۔جب کہ زیادہ سے زیادہ ۴۲سوروپے فی حصہ ہیں۔اوسط جانور میں حصہ اڑتیس سوروپے ہے۔

مذکورہ ادارہ کی جانب سے اڈیشا میں بھی قربانی کا اہتمام کیا جارہاہے جہاں فی حصہ ہزارروپے،پندرہ سو روپے اور بائیس سو روپے ہیں۔ مکتبہ خیرامت نام کا ایک دوسراادارہ بھی دہلی اور اڈیشامیں قربانی کا اہتمام کر رہاہے۔ یہ انتظام کچھ ندوی علما کی طرف سے کیا جارہا ہے۔ پوسٹرکے مطابق اڈیشامیں گیارہ سو اور سولہ سو روپے فی حصہ رکھاگیا ہے۔

گجرات کے کچھ مسلم نوجوانوں نے اعلان کیا ہے کہ انھوں نے علمائے کرام کی رہنمائی میں، اس سال قربانی کا اہتمام کیاہے۔اعلان میں کہا گیا ہے کہ قربانی کی سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے آپ ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں اور اپنے اہل خاندان ورشتہ داروں کواس کے لئے کہ سکتے ہیں۔

ہم عیدالاضحیٰ کے دوران گجرات سے باہر قربانی کا اہتمام کررہے ہیں جہاں شرعی ضابطوں کے مطابق آپ کی قربانی ادا کی جائے گی۔

اعلان کے مطابق قربانی کا گوشت دور دراز علاقوں کے غریبوں ، مسکینوں اور کمزور لوگوں میں تقسیم کیا جائےگا۔ عطیہ دہندگان کوگوشت نہیں دیا جائے گا۔یہاں عبدالحفیظ لکھانی نامی شخص کا اکائونٹ نمبراور رابطہ نمبردیاگیا ہے تاکہ آن لائن رقم جمع کی جاسکے۔

الفلاح اسلامک سوسائٹی کی جانب سے اخباروں میں ایک اشتہارچھپاہے جس میں لکھاہے کہ ’’قربانی ملک کے ایسے علاقوں میں کرائی جائےگی جہاں مسلمان معاشی طور پر کمزور اور ضرورت مند ہیں‘‘اشتہار میں اکائونٹ نمبرہے اور رابطہ کے لئے واٹس ایپ نمبردیئے گئے ہیں۔