مرکزی اہلکاروں کےمہنگائی بھتے میں 11 فیصد کا اضافہ، نہیں ملے گا بقایا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2021
 مرکزی کابینہ کی میٹنگ
مرکزی کابینہ کی میٹنگ

 

 

 نئی دہلی، 14 جولائی (یو این آئی)حکومت نے کورونا وبا سے پیدا شدہ بحران کے سبب مرکزی اہلکاروں کی مہنگائی بھتے پر روک کو ہٹاتے ہوئے اسے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے مہنگائی بھتے کی شرح میں 11 فیصد کا اضافہ کرکے اسے 28 فیصد پر طے کیا گیا ہے اور یہ شرح اسی سال یکم جولائی سے نافذ ہوگی مرکزی اہلکاروں کو بھتے پر لگی روک کے وقت یعنی یکم جنوری 2020 سے جون 2021 تک کی مہنگائی بھتے کے بقایا کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کے روز یہاں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ کابینہ نے مرکزی اہلکاروں کے مہنگائی بھتے اور پینشن ہولڈرز کو ملنے والی مہنگائی راحت پر لگی روک کو ہٹا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی بھتے کی شرح 17 فیصد تھی اور اب اسے 11 فیصد بڑھا کر 28 فیصد کیا گیا ہے۔ نئی شرح اسی سال یکم جولائی سے نافذ ہوگی۔ کورونا وبا کے سبب پیدا شدہ بحران کے سبب مرکزی اہلکاروں کے مہنگائی بھتے پر یکم جنوری 2020 سے روک لگا دی گئی تھی۔

لیٹر انفارمیشن آفس نے ایک ٹویٹ کرکے واضح کر دیا کہ اہلکاروں کو بھتے پر لگی روک کے وقت یعنی یکم جنوری 2020 سے 30 جون 2021 تک کے مہنگائی بھتے کے بقایا کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔ حکومت کے اس فیصلے سے مہنگائی بھتے کا بقایا رقم کے منتظر اہلکاروں کو مایوسی ہاتھ آئی ہے۔