عیش باغ عید گاہ میں کورونا ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-05-2021
ویکسیننیشن سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے مولاناخالدرشیدفرنگی محلی
ویکسیننیشن سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے مولاناخالدرشیدفرنگی محلی

 

 

لکھنؤ: عیش باغ عید گاہ میں کورونا ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح ہوا۔ سنٹر کا افتتاح امام عیدین مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ مسلم سماج میں کورونا ویکسین کو لے کر جو غلط فہمیاں پیدا ہیں، انہیں دور کیاجائے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگوانے کے لئے بیدار کیاجائے۔

مولانا خالد رشید فرنگی نے کہا کہ عید گاہ میں کورونا ویکسینیشن سینٹر بنانے کا یہ بھی مقصد ہے کہ دوسری مساجد کے ذمہ داران بھی آگے آئیں تاکہ مزید لوگوں کو بیدار کیا جا سکے۔

عیش باغ عید گاہ میں مولانا خالد رشید نے نوڈل آفیسر روشن جیکب کی موجودگی میں ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔ یہاں پر 18 سال سے 45 سال والوں کو اور 45 کے اوپر کے لئے الگ الگ ڈسک بنایا گیا ہے تاکہ کسی کو پریشانی نہ ہو اور سماجی دوری بھی بنی رہے۔

مولانا خالد رشید نے کہا کہ ہمارے یہاں بہت بڑی جگہ ہے، جہاں آسانی سے سبھی لوگ سماجی دوری کو یقینی بناتے ہوئے ویکسین لگوا سکتےہیں۔

جب کہ نوڈل آفیسر روشن جیکب نے کہا کہ ہمارے اور انتظامیہ کے لئے بڑی خوشی کی بات ہے کہ اسلامک سینٹر آف انڈیا میں ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح مولانا خالد رشید فرنگی کی سرپرستی میں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اسٹاف، پولیس اور ضلع انتظامیہ سبھی اس کام میں پورا تعاون کر رہے ہیں۔