ناچ گانے والی شادی میں علما نہیں پڑھائیں گے نکاح

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
  ناچ گانے والی شادی میں علما نہیں پڑھائیں گے نکاح
ناچ گانے والی شادی میں علما نہیں پڑھائیں گے نکاح

 

 

سکندرآباد :جمعیۃ علماء ہند کی مقامی شاخ کے بینر تلے شاہی جامع مسجد سکندرآباد میں منعقدہ ایک اجلاس میں شہر کی مسلم تنظیموں، اداروں، مساجد، مدارس کے علمائے کرام اور ذمہ داران نے متفقہ طور پر شادیوں میں رائج بے جارسو مات پر پابندی لگانے کا اعلان کیا۔

اتوار کی صبح محلہ قاضی واڑہ وا قع شاہی جامع مسجد میں مولانا ارشد قاسمی کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس کی نظامت کر تے ہوئے شاہی جامع مسجد کے امام مولانا محمد عارف قاسمی نے شادیوں میں پھیلنے والی برائیوں جیسے ڈی جے بجانا، ڈانس کرنا، آتش بازی وغیرہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

مولانا ارشد قاسمی نے وہاں موجود لوگوں کو بے جارسومات کو ختم کرنے کی تر غیب دی ۔اس کے علاوہ شہر کے دیگر لوگوں نے بھی اپنے خیالات پیش کئے ۔

آخر میں تمام برائیوں کو ختم کرنے اور ان پر مکمل طریقہ سے پابندی عائد کرنے کیلئے متفقہ طور پر ایک تجویز پاس کی گئی۔

 علمائے کرام نے متفقہ طور پر کہا کہ اگر کسی شادی کی تقریب میں ڈ ی جے، آلات موسیقی، آتش بازی، ناچ گانے کا استعمال کیا جائے تو وہ نکاح نہیں پڑھائیں گے اور نہ ہی کسی اور کو نکاح پڑھانے دیں گے۔ میٹنگ میں موجود سبھی لوگوں نے اس تجویز کو پا س کیا ۔

 آخر میں تبلیغی جماعت کے ذمہ دار حاجی محمد شاہد کی دعاء پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔شرکاء میں مفتی نسیم قاسمی، قاری محمد عالم قاسمی ،قاری محمد اخلاق ، قاری شفاعت خان، قاری اکرام احمد، مولانا نظام الدین، مولانا منت اللہ، مولانا جنید، قاری ندیم احمد ، مولانا گل صنوبر قاسمی، رفیق الدین پہلوان، قاری زبیر احمد،جر نیل غازی ، عابد صدیقی، امان اللہ خالد، مقصود جالب، رضوان قریشی، مولانا عبدالقادر ماسٹر نعیم احمد، اشتیاق احمد، سلیم ملک ایڈووکیٹ، عابد غازی وغیرہ کے نام قابل ذکرہیں ۔