ہماچل الیکشن : نامزدگی کے آخری دن بی جے پی کے چار بڑے لیڈروں کی بغاوت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 26-10-2022
ہماچل الیکشن : نامزدگی کے آخری دن بی جے پی کے  چار بڑے لیڈروں کی بغاوت
ہماچل الیکشن : نامزدگی کے آخری دن بی جے پی کے چار بڑے لیڈروں کی بغاوت

 

 

  شملہ : ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخابات کی مہم تیز ہوگئی ہے۔ ساتھ ہی بھارتیہ جنتا پارٹی بھی تمام تر کوششوں کے باوجود بغاوت کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔

ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے کَل آخری دن 376 امیدواروں نے اپنے پرچے بھرے۔ اِس طرح ریاستی اسمبلی کی 68 سیٹوں کیلئے مجموعی طورپر 630 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں۔ ریاست میں پولنگ اگلے مہینے کی 12تاریخ کو ہوگی۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کَل کی جائے گی، جبکہ 29 اکتوبر تک نام واپس لئے جاسکیں گے۔امیدواروں کی تعداد کم ہونے کا امکان ہے کیونکہ اِن میں سے کئی امیدوار ایسے ہیں جنہوں نے مختلف پارٹیوں کے باضابطہ امیدواروں کے متبادل امیدوار کے طور پر اپنے پرچے بھرے ہیں۔

نامزدگی کے آخری دن بی جے پی کے چار بڑے لیڈروں نے باغی موقف اپنایا ہے۔ جسے پارٹی کے لیے دھچکا قرار دیا جا سکتا ہے۔

بی جے پی نے ریاست کی کلو اسمبلی سیٹ سے نامزدگی سے چند گھنٹے قبل اپنا امیدوار تبدیل کر دیا ہے۔ بی جے پی نے یہاں سے مہیشور سنگھ کا ٹکٹ کاٹ کر ان کی جگہ نروتم ٹھاکر کو امیدوار بنایا ہے۔

 اس کے ساتھ ہی مہیشور سنگھ نے اس فیصلے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اب آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 انہوں نے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرائے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ مہیشور سنگھ کے بیٹے ہتیشور سنگھ نے بنجر اسمبلی انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ مہیشور سنگھ اپنے بیٹے کو راضی نہیں کر سکے اس لیے اب بی جے پی نے بھی ان کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے۔

وہیں، اس سے پہلے بی جے پی نے چمبہ سے اپنے انتخابی امیدوار کو تبدیل کرنے کا بڑا فیصلہ لیا تھا۔

بی جے پی نے پہلی فہرست میں چمبا سیٹ کے لیے اعلان کردہ اندرا کپور کی جگہ نیلم نیر کو کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے لیے پارٹی نے دلیل دی تھی کہ اندرا کپور کے خلاف فوجداری مقدمے کی وجہ سے ان کا ٹکٹ کاٹا گیا ہے۔

آپ کو بتا دیں، منگل کو ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخابات کے لیے نامزدگی کا آخری دن تھا۔

 جس کی وجہ سے بی جے پی اور کانگریس کے درمیان کھلبلی مچ گئی۔ جبکہ کانگریس نے نامزدگی سے صرف 2.5 گھنٹے قبل اپنے آخری امیدوار کی فہرست جاری کی تھی، ایک اور کانگریسی لیڈر، ریٹائرڈ میجر وجے سنگھ منکوٹیا، پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ ان کی بی جے پی میں شمولیت پر بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ میں ان کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں اور بی جے پی میں ان کا خیر مقدم کرتا ہوں۔

منکوٹیا بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے گھر وجے پور میں ہرش مہاجن کی قیادت میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ بی جے پی کے قومی صدر نے منکوٹیا کو بی جے پی کا بینر لگا کر پارٹی میں شامل کیا تھا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ہماچل پردیش میں 12 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔