حجاب معاملہ:مسلم خواتین کے حقوق کی حمایت،500ماہرین قانون کا کھلا خط

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 17-02-2022
حجاب معاملہ:مسلم خواتین کے حقوق کی حمایت،پانچ سوماہرین قانون کا کھلا خط
حجاب معاملہ:مسلم خواتین کے حقوق کی حمایت،پانچ سوماہرین قانون کا کھلا خط

 

 

نئی دہلی: پانچ سو سے زائد قانون کے طالب علموں، قانونی ماہرین اور وکلاء نے حجاب کے معاملے پر ایک کھلا خط لکھا ہے۔ خط میں مسلم لڑکیوں کو حجاب پہننے پر تعلیمی اداروں میں داخلے سے روکنے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

خط میں ایسی کاروائی کو آئینی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

خط پر دستخط کرنے والوں میں انجنا پرکاش (سابق ہائی کورٹ جج)، امر سرن (سابق ہائی کورٹ جج)، سی ایس دوارکاناتھ (سابق چیئرمین کرناٹک اسٹیٹ بیک ورڈ کلاس کمیشن)، سنجے پاریکھ (سینئر ایڈوکیٹ)، مہر دیسائی (سینئر ایڈوکیٹ) شامل ہیں۔

اشوک اگروال (سینئر ایڈوکیٹ)، گایتری سنگھ (سینئر ایڈوکیٹ)، پرتیکشا بخشی (پروفیسر اور مصنف)، ورندا گروور (سپریم کورٹ ایڈوکیٹ)، سومیا اوما (جندل گلوبل لاء اسکول کی پروفیسر)، میرا سنگھمترا (ایکٹوسٹ اور لاء گریجویٹ) پورنیما ہٹی (پارٹنر، ڈائیلاگ پارٹنرز)، شاہ رخ عالم (سپریم کورٹ کے وکیل)، اروندھتی کاٹجو (سپریم کورٹ کی وکیل) ڈی گیتھا (لیبر ایڈوکیٹ، چنئی) مرلی دھر (سینئر لیبر وکیل)، اروند نارائن (وکیل اور مصنف) جھوما سین (وکیل اور مصنف) اور لیگل اکیڈمک)، اور کلفٹن ڈی روزاریو (ماہرقانون)کے نام بھی قابل ذکر ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ "ہم عزت مآب کرناٹک ہائی کورٹ کے عبوری حکم سے یکساں طور پر فکر مند ہیں، جس میں طلبہ کو چاہے ان کا مذہب کوئی بھی ہو، اسکارف، حجاب،پہننے سے روکا گیا ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ کورٹ کے عبوری حکم کے بعد، ہم مسلم طلباء اور عملے کی سرعام تذلیل کا مشاہدہ کر رہے ہیں، جنہیں مبینہ طور پر ضلع انتظامیہ کی ہدایات پر اسکولوں اور کالجوں میں داخلے سے قبل اپنے حجاب کو اتارنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

مسلم لڑکیوں اور خواتین کی یہ بے عزتی غیر انسانی، عوامی نظر میں آئین کی توہین اور پوری کمیونٹی کی عوامی تذلیل کے مترادف ہے۔ عزت کے ساتھ زندگی کے ان کے بنیادی حق کا تحفظ کرنے میں ناکامی پر ہم شرم سے سر جھکا لیتے ہیں۔"

خط میں مزید کہا گیا ہے، "قانونی برادری کے ارکان کے طور پر، ہم جانتے ہیں کہ داؤ پر لگے حقوق کی تفہیم کے لیے کسی مسئلے کا تعین انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ،اس طرح کے فیصلے کا اثر مسلم خواتین کو تعلیم سے دور کرنا اور ہمارے ملک میں تعلیمی بحران کو بڑھانا ہے۔ صرف حجاب پہننے کی بنیاد پر خواتین کو تعلیم سے روکنا مناسب نہیں ہے۔ مسلم خواتین کی خودمختاری، پرائیویسی اور وقار کے خلاف مطلق یکسانیت مسلط کرنا غیر آئینی ہے۔ اس بنیاد پر خواتین کو حجاب پہننے کا حق حاصل ہے اور اسی طرح حجاب نہ پہننے کا حق بھی ہے۔"

تاہم، مسلم خواتین کے حقوق پر موجودہ حملہ کوئی نیا یا الگ تھلگ واقعہ نہیں ہے، بلکہ اسے اس کے ایک حصے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔اس سے کرناٹک اور پورے ملک میں فرقہ وارانہ پولرائزیشن ہورہا ہے۔ دستخط کنندگان نے کرناٹک میں مسلم خواتین کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کی ہے جو اپنے حق تعلیم اور مذہبی آزادی کے لیے لڑ رہی ہیں۔