حج 2021:سعودی عرب کے ہر فیصلے کو قبول کرے گا ہندوستان، مختار عباس نقوی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-06-2021
میٹنگ کا منظر
میٹنگ کا منظر

 

 

کورونا کی وبا کے سبب پچھلے سال حج ممکن نہیں ہوسکا تھا مگر اس سال سعودی عرب نے حج کے بارے میں کم سے کم یہ اشارہ دیدیا ہے کہ حج تو ہوگا مگر اس میں عازمین حج کی تعداد کتنی ہوگی اس کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔

 بہرحال دوسری جانب حج کمیٹی آف انڈیا اور تمام ریاستی حج کمیٹیاں حج 2021 کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔اس کا اعلان مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے کیا انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے فیصلہ کا انتظار کررہے ہیں ۔ انہوں نے ممبئی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی ہے۔ نقوی نے مزید کہا کہ کوویڈ 19 بحران کی وجہ سے دوسرے ممالک سے لوگ رواں سال حج 2021 میں شریک نہیں ہو رہے ہیں اور ہم اس مشکل وقت میں سعودی حکومت کے ساتھ ہیں اور ہم ہر فیصلے میں ان کے ساتھ ہیں ، ہم انتظار کر رہے ہیں کہ سعودی جو بھی فیصلہ لے گا ۔ ہم اس کو قبول کریں گے۔

 مختار عباس نقوی نے بتایا کہ ہم نے کووکسن کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او سے اجازت طلب کی ہے اور حج کمیٹی نے بھی اس پورے معاملے پر سعودی حکومت سے تبادلہ خیال کررہی ہے۔نقوی نے بتایا کہ سعودی عرب نے کتنے لوگوں کو یہ ویکسین لگائی ہے کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کو کہا ہے اور حج کمیٹی آف انڈیا انہیں یہ معلومات فراہم کررہی ہے۔