گجرات:اسکول میں بچوں نے نماز پڑھی، تحقیقات کا حکم

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-10-2023
گجرات:اسکول میں بچوں نے نماز پڑھی، تحقیقات کا حکم
گجرات:اسکول میں بچوں نے نماز پڑھی، تحقیقات کا حکم

 



احمد آباد:گجرات کے احمد آباد میں ایک پرائیویٹ اسکول میں بیداری پروگرام کے دوران ہنگامہ مچ گیا۔ درحقیقت ہندو طلبہ سے مبینہ طور پر نماز پڑھنے کو کہا گیا تھا۔ اس کے بعد دائیں بازو کے کارکنوں نے منگل کو احتجاج کیا۔ ریاستی حکومت نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ مظاہرے کی ویڈیو میں ایک استاد کو مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ریاستی حکومت نے شہر کے گھاٹلوڈیا علاقے میں واقع کیرولیکس فیوچر اسکول میں 29 ستمبر کو منعقدہ پروگرام کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اسکول نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پروگرام کے انعقاد کا مقصد طلباء کو مختلف مذاہب کے طریقوں سے آگاہ کرنا تھا اور کسی طالب علم کو نماز پڑھنے پر مجبور نہیں کیا گیا۔

اس تقریب کی ایک ویڈیو اسکول کے فیس بک پیج پر پوسٹ کی گئی، جس میں پرائمری کلاس کے ایک طالب علم کو نماز پڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد چار دیگر طلباء نے بھی ان کے ساتھ ’لب پر آتی ہے دعا‘ گایا۔ اس ویڈیو کو بعد میں اسکول کے فیس بک پیج سے ہٹا دیا گیا۔ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد، بجرنگ دل اور دیگر دائیں بازو کی تنظیموں نے اسکول کے احاطے میں احتجاج کیا۔

پرائمری، ثانوی اور بالغ تعلیم کے وزیر مملکت پرافلّا پنشیریا نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ کچھ لوگ اسکولوں میں اس طرح کے پروگرام منعقد کرکے ریاست کے پرامن ماحول کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ پروگرام میں شریک طلبہ کو اندازہ نہیں تھا کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ یہ قطعی طور پر قابل قبول نہیں ہے۔ ہم اس طرح کی تقریب کے انعقاد کے پیچھے ذہنیت اور نیت کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات کریں گے اور پھر مناسب کارروائی کی جائے گی۔ ہم ان لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے جنہوں نے کچھ غلط کیا ہے۔

اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے میڈیا کوآرڈینیٹر میٹ بھاوسر نے کہا کہ ہمیں ایک ویڈیو ملا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ اس اسکول کے ہندو طلبہ کو ایک سرگرمی کے دوران نماز پڑھنے پر مجبور کیا گیا تھا۔ ہمارے احتجاج کے بعد اسکول انتظامیہ نے معافی مانگ لی ہے اور ساتھ ہی یقین دلایا ہے کہ آئندہ ایسی حرکتیں نہیں ہوں گی۔ یہاں صرف ہندو طلبہ ہی داخلہ لیتے ہیں۔

تقریب کی ویڈیو میں موسیقی کا آلہ بجاتے نظر آنے والے ایک استاد کو منگل کے روز احتجاج کے دوران کارکنوں اور مشتعل والدین نے مارا پیٹا۔ اس سلسلے میں ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔ اسکول انتظامیہ نے تحریری معافی نامہ جاری کیا اور کہا کہ وہ اگلی بار زیادہ محتاط رہیں گے۔