سونیا گاندھی کے ساتھ رعایت کی جائے: غلام نبی آزاد

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-07-2022
 سونیا گاندھی کے ساتھ رعایت کی جائے: غلام نبی آزاد
سونیا گاندھی کے ساتھ رعایت کی جائے: غلام نبی آزاد

 

 

 نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ای ڈی کے بار بار پوچھ گچھ پر سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ حکومت نے منی لانڈرنگ قانون کا استعمال لوگوں کو نشانہ بنانے اور ان کی تذلیل کرنے کے لئے کیا ہے ۔ انہوں نے سپریم کورٹ پر زور دیا ہے کہ وہ نیشنل ہیرالڈ-ایسوسی ایٹڈ جرنلز لمیٹڈ کیس سے متعلق معاملے پر جلد فیصلہ کرے۔

غلام نبی آزاد نے کہا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی 75 سال کی ہو گئی ہیں اور آج وہ تیسری بار نیشنل ہیرالڈ کیس میں پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی کے سامنے پیش ہوئی ہیں۔ آزاد نے کہا کہ ای ڈی کو اس معاملے میں بار بار پوچھ گچھ کرنے سے پہلے سونیا گاندھی کی عمر اور صحت کو ذہن میں رکھنا چاہئے۔

اس معاملے میں پارٹی لیڈر راہل گاندھی سے50 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس سربراہ ضعیف  ہوگئی ہیں، ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، اس لیے ای ڈی کو انہیں بار بار پریشان نہیں کرنا چاہیے۔ آزاد نے کہا کہ جنگوں میں بھی بادشاہ عورتوں پر حملہ نہ کرنے کا حکم دیتا تھا۔

دوسری جانب کانگریس کے ایک اور سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر آنند شرما نے کہا کہ قوانین کو ہتھیار بنانے اور لوگوں کو نشانہ بنانے اور ذلیل کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

شرما نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ اس سلسلے میں باخبر فیصلہ لے کر آئے گی۔ اس کے ساتھ ہی راجستھان کے وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ نیشنل ہیرالڈ کیس میں جلد ہی فیصلہ سنائے، جس میں گاندھی خاندان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔