یوم آزادی سے قبل چار دہشت گرد گرفتار، ہتھیار برآمد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-08-2022
یوم آزادی سے قبل چار دہشت گرد گرفتار، ہتھیار برآمد
یوم آزادی سے قبل چار دہشت گرد گرفتار، ہتھیار برآمد

 

 

نئی دہلی: ہندوستان کے 75 ویں یوم آزادی سے پہلے ایک اہم پیش رفت میں، پنجاب پولیس نے اتوار کو دہلی پولیس کی مدد سے پاکستان-آئی ایس آئی کے حمایت یافتہ دہشت گرد ماڈیول کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس نے کینیڈا کے ارش دلہ اور آسٹریلیا کے گرجنت سنگھ سے منسلک چار دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) نے کہا کہ پنجاب پولیس نے موقع سے تین دستی بم، ایک آئی ای ڈی (دیسی ساختہ بم)، دو 9 ایم ایم پستول اور 40 زندہ کارتوس بھی برآمد کیے ہیں۔ یہ کاروائی پنجاب پولیس اور دہلی پولیس نے مشترکہ طور پر کی تھی۔

یوم آزادی سے قبل پنجاب بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب پولیس نے ٹویٹ کیا، "یوم آزادی سے پہلے، پنجاب پولیس نے دہشت گردی کے بڑے خطرے کو ناکام بنایا اور دہلی پولیس کی مدد سے پاک-آئی ایس آئی کے حمایت یافتہ دہشت گردی کے ماڈیول کا پردہ فاش کیا۔

کینیڈا میں رہنے والے ارش دلہ اور آسٹریلیا میں بیٹھے گرجنت سنگھ سے منسلک 4 ماڈیول ممبران کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

دریں اثنا، یوپی پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے جیش محمد (جی ای ایم) کے دہشت گرد حبیب الاسلام عرف سیف اللہ کو کانپور سے گرفتار کیا ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے یوپی اے ٹی ایس کے حوالے سے بتایا کہ 19 سالہ سیف اللہ نے سرحد پار سے آنے والے لوگوں سے رابطے میں رہنے کے لیے ٹیلی گرام، فیس بک میسنجر اور واٹس ایپ جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا استعمال کیا۔