سابق مرکزی وزیر اور شاعرہ گرجا ویاس کا انتقال

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 02-05-2025
سابق مرکزی وزیر اور شاعرہ گرجا ویاس کا انتقال
سابق مرکزی وزیر اور شاعرہ گرجا ویاس کا انتقال

 



نئی دہلی: کانگریس کی سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر گرجا ویاس کا انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 79 برس تھی۔ چند روز قبل اودے پور میں اپنے گھر پر آرتی کے دوران ان کے کپڑوں میں آگ لگ گئی تھی جس سے وہ بری طرح جھلس گئی تھیں۔

ابتدا میں ان کا علاج اودے پور میں کیا گیا، بعد ازاں انہیں احمد آباد منتقل کر دیا گیا جہاں علاج کے دوران جمعرات کو دوپہر کے بعد ان کے انتقال کی اطلاع سامنے آئی۔ 31 مارچ کو اودے پور شہر میں آرتی کے دوران ان کی چنی (دوپٹہ) نیچے رکھے دیے سے آگ پکڑ گئی۔ ان کے اہل خانہ نے فوری طور پر انہیں اودے پور کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد انہیں احمد آباد ریفر کر دیا گیا۔

سابق وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا: سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کی سابق ریاستی صدر ڈاکٹر گرجا ویاس کا انتقال ہم سب کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ تعلیم، سیاست اور سماجی خدمت کے میدان میں ان کا اہم کردار رہا۔

اس طرح حادثاتی طور پر ان کا ہم سے جدا ہو جانا ہم سب کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے۔ میں ایشور سے پرارتھنا کرتا ہوں کہ ان کی روح کو سکون اور اپنے قدموں میں جگہ عطا فرمائے۔ ان کے بھائی گپال شرما نے بتایا کہ گرجا ویاس آرتی کر رہی تھیں جب ان کی چنی نیچے رکھے دیے سے جل اٹھی۔ اہل خانہ نے انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

گرجا ویاس نے ریاستی اور مرکزی حکومتوں میں بطور وزیر کام کیا۔ وہ کانگریس کی ریاستی صدر اور قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن بھی رہ چکی ہیں۔ انہوں نے کانگریس پارٹی میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ 1991 میں وہ اودے پور سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئیں اور نرسمہا راؤ حکومت میں وزیر بھی رہیں۔