اس بار بھی پیپر لیس ہوگا عام بجٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 27-01-2022
اس بار بھی پیپر لیس ہوگا عام بجٹ
اس بار بھی پیپر لیس ہوگا عام بجٹ

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن امسال یکم فروری کو پیپر لیس عام بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کریں گی اور اس کے بعد’یونین بجٹ موبائل ایپ‘ پر یہ مکمل دستاویز دستیاب ہوں گے۔

کورونا وبا کے باعث امسال بجٹ کی طباعت کے موقع پر ہونے والا حلوہ پروگرام نہیں ہوا اور ملازمین میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

عام طور پر بجٹ کی طباعت کے آغاز ہونے کے موقع پر نارتھ بلاک واقع وزارت خزانہ کے تہہ خانے میں واقع پرنٹنگ پریس میں بجٹ کی تیاری میں مصروف افسران اور ملازمین کے لیے حلوے کا پروگرام منعقد کیا جاتا رہا ہے۔

تاہم امسال کورونا وبا کے باعث افسران و ملازمین کی صحت کے پیش نظر مٹھائیاں تقسیم کی گئی ہیں۔ اس کے بعد یہ تمام افسران اور ملازمین پارلیمنٹ میں عام بجٹ پیش ہونے تک اسی تہہ خانے میں رہیں گے۔ انھیں کسی سے ملنے یا بات کرنے کی اجازت نہیں ہوتی ہے۔

پچھلے سال پہلی بار سال 2021-22 کا پیپر لیس مرکزی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تھا۔ اراکین پارلیمنٹ اور عام لوگوں کے لیے ’یونین بجٹ موبائل ایپ‘ لانچ کیا گیا تھا۔ امسال بھی عام بجٹ پیپر لیس کے بطور پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ رواں برس عام بجٹ سے متعلق تمام 14 اہم دستاویز موبائل ایپ پر دستیاب ہوں گی جن میں بجٹ تقریر، سالانہ مالیاتی اسٹیٹمنٹ، اکاؤنٹ کے مطالبات اور فائنانس بل وغیرہ شامل ہیں۔

یہ موبائل ایپ اینڈورائیڈ اور آئی او ایس پلیٹ فارم پر ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہے۔ اس ایپ کو یونین بجٹ ویب پورٹل سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس پورٹل سے عام بجٹ بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔