کانوڑیوں پر دہشت گردانہ حملہ کا اندیشہ،وزارت داخلہ نےکیا الرٹ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2022
کانوڑیوں پر دہشت گردانہ حملہ کا اندیشہ،وزارت داخلہ نےکیا الرٹ
کانوڑیوں پر دہشت گردانہ حملہ کا اندیشہ،وزارت داخلہ نےکیا الرٹ

 

 

نئی دہلی: ساون کا مہینہ شروع ہو گیا ہے۔ ساون کے آغاز کے ساتھ ہی عقیدت مندوں کی کانوڑ یاترا بھی شروع ہو گئی ہے۔

اس دوران مختلف ریاستوں میں سفر کے راستے پر آنے والے عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے بہت سے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

دریں اثنا، جمعرات کو، وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) نے بنیاد پرست عناصر کے خطرے کا اندازہ لگاتے ہوئے، ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کانوڑ لےجانے والے کانوڑیوں کی حفاظت کے لیے سخت انتظامات کریں۔

انٹیلی جنس بیورو کو موصول ہونے والی معلومات کی بنیاد پر وزارت داخلہ نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اتراکھنڈ، اتر پردیش سمیت کئی ریاستوں کو سیکورٹی نظام بڑھانے کی ہدایت دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ انٹیلی جنس بیورو کی رپورٹ کی بنیاد پر وزارت داخلہ نے اتر پردیش، اتراکھنڈ اور مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں کو الرٹ کردیا ہے۔ ان ریاستوں کو کانوڑ یاترا کے لیے حفاظتی انتظامات بڑھانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ نے ریلوے بورڈ کو کانوڑ مسافروں پر حملے کے خطرے کے پیش نظر ٹرینوں کی سیکورٹی سخت کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق کانوڑ یاترا کے دوران کسی بھی قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جانا چاہیے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ کورونا وبا کی وجہ سے دو سال بعد اس سال کانوڑ یاترا نکالی جا رہی ہے۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والے میلے کے دوران کم از کم چار کروڑ کانوڑیے ہریدوار اور پڑوسی رشی کیش پہنچیں گے تاکہ مقدس گنگا سے پانی جمع کریں۔

ساون کے مہینے میں اتر پردیش، ہریانہ، دہلی، مدھیہ پردیش، ہماچل پردیش، پنجاب اور راجستھان سمیت کئی ریاستوں کے کانوڑیے پیدل گنگا جل جمع کرنے کے لیے ہریدوار اور رشی کیش جاتے ہیں اور اپنے گھروں کو لوٹ کر مندروں میں بھگوان شیو کو چڑھاتے ہیں۔

اس لیے ان دونوں شہروں میں عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ کے خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں، ڈرون اور سوشل میڈیا پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔