وزیر اعظم مودی کے فون کے منتظر مظاہرین کسان: کانگریس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-03-2021
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا

 

 

نئی دہلی

کانگریس نے کہا ہے کہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوںکی تحریک ملک میں ایک بڑی تحریک کے طور پر ابھررہی ہے اور کسان ان قوانین کو واپس لینے کیلئے سو دن سے دہلی کی سرحدوں پر احتجاج کررہے ہیں ، لیکن حکومت ان کے تئیں بے حس بنی ہوئی ہے۔

کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے ہفتہ کے روز یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ 100 دن تک جاری رہنے والے کسانوں کے مظاہرے کے دوران 255 کسان ہلاک ہوچکے ہیں ، لیکن حکومت ان کے مطالبات پر آنکھیں بند کئے ہوئےہے اور ملک کے ان داتاؤں کے مسئلہ کے حوالہ سے سرکارکی کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے وعدہ کیا تھا کہ کسانوں کی پریشانی کا حل صرف ایک فون کی دوری پر ہے ۔ وزیر اعظم کے اس بیان کے بعد سے کسان مسٹر مودی کے فون کال کا انتظار کرتے ہوئے تھک چکے ہیں ، لیکن حکومت ان سے بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکار سماج کا ایک انتہائی اہم حصہ ہیں اور وہ اپنے مستقبل کی تشویش کے حوالہ سے 100 دن سے احتجاج و مظاہرہ کر رہے ہیں ، لہذا ملک کے تمام لوگوں کو ان کی حمایت کرنی چاہئے اور یہ ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہونی چاہئے۔