حجاب تنازعہ: سوشل میڈیا پر پاکستانی سازش انکشاف

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 15-02-2022
حجاب تنازعہ: سوشل میڈیا پر پاکستانی سازش انکشاف
حجاب تنازعہ: سوشل میڈیا پر پاکستانی سازش انکشاف

 

 

 آواز دی وائس / نئی دہلی

  پاکستان اپنے 'ناپاک ایجنڈے' کی تکمیل کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ ایک بار پھریہ بات ثابت ہو گئی ہے۔ اس کے لیے پاکستان ڈیجیٹل میڈیم کا سہارا لے رہا ہے۔ 

حجاب کے موجودہ تنازعہ میں وہ ہندوستان کو بدنام کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا زبردست استعمال کر رہا ہے۔ اس بات کا انکشاف سینٹر فار ڈیجیٹل فارنکس، ریسرچ اینڈ اینالیٹکس (DFRAC) کی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے۔  رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ 'ڈرٹی گیم' پاکستان ہندوستان کے اندرونی امن کو خراب کرنےاوراپنے ہی ملک کے مسائل سے عام لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے یہ کھیل رہا ہے۔

خاص طور پر طالب علموں کے ایک حصے نے کرناٹک کے ایک سرکاری ڈگری کالج میں طالبات کے لیے 'ڈریس کوڈ' کو یقینی بنانے کے مطالبے پر احتجاج کیا اور لڑکیوں سے کہا گیا کہ وہ بغیر حجاب کے کلاسز میں شرکت کریں۔

اس کے لیے ہیش ٹیگ چلانے کے لیے ہزاروں جعلی اکاؤنٹس بنائے گئے۔ جغرافیائی اور دیگر اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ متنازعہ ہیش ٹیگ کے ساتھ سب سے زیادہ پوسٹس اور تبصرے والے ٹاپ پانچ اکاؤنٹس پاکستان کے ہیں۔

اس سلسلے میں، مسکان خان نامی لڑکی کی ایک ویڈیو وائرل ہوا، جس میں اسے زعفرانی لباس میں ملبوس طالب علموں کی طرف سے حجاب اتارنے کے لیے شور مچاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ مسکان کے ساتھ اس جھگڑے کی ویڈیو نے مختلف ممالک سے کافی لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ اس ہیش ٹیگ پر ٹویٹ کرنے والے زیادہ تر صارفین پاکستانی ہیں۔ اس موضوع پر 3000 سے زائد صارفین ٹویٹ کر چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 9 فروری2022 کو ہیش ٹیگ مسکان کے لیے 125 سے زائد نئے اکاؤنٹ بنائے گئےتھے۔ ایک اکاؤنٹ نے انتہائی جھوٹی اور گمراہ کن ٹویٹس کیں۔ اس جعلی اکاؤنٹ میں طالبان اور خالصتان کا شکریہ ادا کیا گیا۔ اکاؤنٹ نے جناح کے حوالے سے ایک ٹویٹ بھی پوسٹ کی ہے۔ اس اکاؤنٹ کا پتہ پاکستان کا ہے۔

ایسے میں ایک اور اکاؤنٹ نے 8 فروری2022 سے پہلے اپنی تمام ٹویٹس کو ڈیلیٹ کر دیا۔ جس دن یہ احتجاج شروع ہوا۔ اس کے بعد اس اکاونٹ نے حجاب پر احتجاج کو لے کر ٹویٹ کرنا شروع کر دیا۔ اسی طرح مسکان کے نام پر بہت سے دوسرے جعلی اکاؤنٹس ہیں،مثلاً

,#allahuakbar, #MuslimGirls, #HijabRow, #Sherni @muskankhan_0786, @musk_a_n, @muskan1O, @MuskanKhanbibi

وغیرہ ہیش ٹیگ بہت زیادہ استعمال کئے گئے۔

غیر جانبدار اور آزاد میڈیا تنظیم DFRAC کے مطابق پاکستان کے بہت سے جعلی اکاؤنٹس عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔

ایک مثال میں، ہیرا یوسف (@PapaPrinces4) نے یوزر میں اپنا نام (@JosieWilliam ) اور پھر( @JosieTourist )میں تبدیل کر دیا۔

اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ یہ ایک ایجنڈے کا حصہ ہے۔