فیض آباد کینٹ بنا ایودھیا کینٹ، وزیر دفاع نے دی منظوری

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-10-2022
فیض آباد کینٹ بنا ایودھیا کینٹ، وزیر دفاع نے دی منظوری
فیض آباد کینٹ بنا ایودھیا کینٹ، وزیر دفاع نے دی منظوری

 

 

لکھنو:ریاست اتر پردیش کے فیض آباد کینٹ کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اب اسے 'ایودھیا کینٹ' کے نام سے جانا جائے گا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے فیض آباد کینٹ کا نام بدل کر ایودھیا کینٹ کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اس سے قبل یوپی کے فیض آباد ضلع کا نام ایودھیا اور فیض آباد ریلوے جنکشن کا نام ایودھیا کینٹ رکھا گیا ہے۔ وہیں الہ آباد ضلع اور ریلوے اسٹیشن کا نام بدل کر پریاگ راج کر دیا گیا۔

آپ کو بتاتے چلیں، 2017 میں جب بی جے پی نے ریاست میں اسمبلی انتخابات میں قطعی اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی تو یوگی آدتیہ ناتھ وزیر اعلیٰ بنے تھے۔ وزیر اعلیٰ بننے کے چند سالوں کے اندر ہی یوگی آدتیہ ناتھ نے فیض آباد ضلع کا نام بدل کر ایودھیا کر دیا۔ اس پر بی جے پی نے دلیل دی کہ ایودھیا  شری رام کی جائے پیدائش ہے۔ ایسے میں اسے ضلع فیض آباد کہنا مناسب نہیں۔ پوری دنیا کے لوگ ایودھیا کو جانتے ہیں، جو شری رام کی جائے پیدائش ہے۔ اسی لیے حکومت نے نام بدل کر ایودھیا رکھ دیا۔

اسی دوران ضلع کا نام بدلنے کے چند دن بعد ہی فیض آباد ریلوے جنکشن کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ اٹھنے لگا۔  ضلع کے ایم پی للو سنگھ نے اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر ریلوے اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے درخواست کی تھی۔ انہوں نے وزیر ریلوے کو خط لکھ کر فیض آباد ریلوے جنکشن کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ ایم پی کے مطالبے پر وزارت ریلوے نے فیض آباد ریلوے جنکشن کا نام بدل کر ایودھیا کینٹ کر دیا۔

سنہ 2018 میں، بی جے پی حکومت نے الہ آباد کا نام بدل کر پریاگ راج اور مغل سرائے ریلوے اسٹیشن کا نام بدل کر پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن کر دیا۔ ساتھ ہی، اتر پردیش میں ایسے کئی اضلاع ہیں، جن کے نام بدلنے کا مطالبہ ایک عرصے سے اٹھ رہا ہے۔ ان میں اعظم گڑھ، علی گڑھ، غازی آباد، فیروز آباد اور فرخ آباد وغیرہ ایسے اضلاع ہیں، جن کا نام تبدیل کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا جاتا رہا ہے، لیکن اب تک یوگی حکومت نے ان اضلاع کے نام تبدیل کرنے کو لے کر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔  دوسری طرف اپوزیشن پارٹیاں اضلاع کے نام بدلنے پر یوگی حکومت پر حملہ کر رہی ہیں۔