گرمی کا ستم:سب سے زیادہ گرم یوپی، یوپی میں باندہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 01-05-2022
گرمی کا ستم:سب سے زیادہ گرم یوپی، یوپی میں باندہ
گرمی کا ستم:سب سے زیادہ گرم یوپی، یوپی میں باندہ

 

 

لکھنؤ، نئی دہلی: ملک کے کئی علاقوں کو اپریل میں 122 سال کی بدترین گرمی کا سامنا کرنا پڑا، لیکن مئی کے مہینے میں بھی گرمی سے کوئی راحت نہیں ملی ہے۔ دہلی میں جمعہ کو درجہ حرارت 46 ڈگری تک پہنچ گیا تھا لیکن ہفتہ کو یہ 43.5 ڈگری تک رہا۔

تاہم، پیر اور بدھ کو گرج چمک اور ہلکی بارش سے کچھ راحت مل سکتی ہے۔ اسی دوران یوپی میں شدید گرمی کی لہرہے۔ باندہ میں 47.4 ڈگری سیلسیس کے ساتھ انگارے کی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے ہفتہ کو خبردار کیا کہ شمال مغربی اور وسطی ہندوستان میں 1990 کے بعد اس سال اپریل میں سب سے زیادہ اوسط درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ مئی میں بھی گرمی سے راحت ملنے کی امید نہیں۔ اس سال ملک کے بیشتر حصوں کو خطرناک گرمی کا سامنا ہے۔

اس بار اپریل نے گرمی کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ 1901 کے بعد یہ پہلا اپریل تھا جب اپریل کے مہینے کا اوسط درجہ حرارت اتنی بلندی پر پہنچ گیا۔ اس وجہ سے پورا شمالی ہندوستان گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ دہلی، یوپی، مدھیہ پردیش، راجستھان، چندی گڑھ، لداخ اور جموں و کشمیر میں درجہ حرارت معمول سے 4 ڈگری زیادہ ہے۔

شمال مغربی اور وسطی ہندوستان میں درجہ حرارت مزید بڑھنے والا ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں کو شدید گرمی کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اتر پردیش میں مختلف مقامات پر ہیٹ ویو کی وجہ سے اوسط درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے نتیجے میں ضلع باندہ میں 47 ڈگری سیلسیس سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں اگلے دو روز تک گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ پریاگ راج میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت (5 ڈگری یا اس سے زیادہ) ریکارڈ کیا گیا۔ وارانسی، لکھنؤ، آگرہ، جھانسی، میرٹھ میں یہ معمول سے بہت زیادہ تھا۔

اس کے ساتھ ہی ایودھیا، کانپور، مراد آباد، بریلی میں بھی اوسط درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت باندہ میں ریکارڈ کیا گیا۔ یہاں پارہ 47.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ تاہم ریاست میں رات کے درجہ حرارت میں کوئی بڑے پیمانے پر تبدیلی نہیں آئی۔

ایودھیا، وارانسی، کانپور، لکھنؤ، بریلی، آگرہ، جھانسی میں معمول کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔ مظفر نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 22.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ اتوار کو ریاست میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

باندہ، چترکوٹ، کوشامبی، پریاگ راج، آگرہ، علی گڑھ، اوریا، باغپت، بارہ بنکی، بلند شہر، چندولی، ایٹا، اٹاوہ، فرخ آباد، فتح پور، فیروز آباد، جی بی نگر، غازی آباد، حمیر پور میں شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ہاپوڑ، ہردوئی، ہاتھرس، جالون، جھانسی، قنوج، کانپور دیہات، کانپور نگر، للت پور، لکھنؤ، مہوبہ، مین پوری، متھرا، میرٹھ، مرزا پور، مظفر نگر، پرتاپ گڑھ، رائے بریلی، سہارنپور، شاملی، سیتا پور خود یوپی کے اناؤ، وارانسی اور ملحقہ علاقوں میں بھی گرمی کی لہر کا امکان ہے۔