جنرل راوت کی دوبیٹیوں کا پل بھرمیں سب کچھ بدل گیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 09-12-2021
جنرل راوت کی دوبیٹیوں کا پل بھرمیں سب کچھ بدل گیا
جنرل راوت کی دوبیٹیوں کا پل بھرمیں سب کچھ بدل گیا

 

 

نئی دہلی: ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کی ہیلی کاپٹر حادثے میں موت ہوگئی۔ فوج کے اس اعلیٰ افسر کے جانے سے ملک کو بڑا دھچکا لگا ہے لیکن اس حادثے نے جنرل راوت کی بیٹیوں کو بھی پل بھر میں یتیم کر دیاہے۔

دونوں بیٹیوں نے اپنے والد کے ساتھ ساتھ اپنی والدہ مادھولیکا راوت کو بھی کھو دیا، جو ایک تقریب میں شرکت کے لیے جنرل راوت کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں ویلنگٹن جا رہی تھیں۔

دراصل مدھولیکا راوت آرمی ویمن ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر تھیں اور اسی وجہ سے انہیں ویلنگٹن میں منعقدہ پروگرام میں بھی شرکت کرنا پڑی۔ جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت کے انتقال کے بعد اب ان کی دونوں بیٹیاں ان کے خاندان میں رہ گئی ہیں۔

جنرل راوت کی بڑی بیٹی کا نام کرتیکا ہے۔ کرتیکا شادی شدہ ہیں اور فی الحال ممبئی میں رہتی ہیں۔ چھوٹی بیٹی کا نام ترینی ہے، جو دہلی ہائی کورٹ میں بطور وکیل پریکٹس کر رہی ہے۔

جنرل بپن راوت کا نہ صرف آبائی تعلق اتراکھنڈ سے تھا بلکہ انہیں اپنی ریاست سے بھی بے پناہ محبت تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد دہلی میں رہنے کے بجائے انہوں نے دہرادون میں سکونت اختیار کرنے کی تیاری کی تھی جہاں ان کا پورا بچپن گزرا تھا۔

اس کے لیے انھوں نے ایک ماہ قبل دہرادون میں پریم نگر کے قریب جنگلات کے درمیان خوبصورت میدانوں میں اپنا گھر بنانا بھی شروع کیا تھا۔ اس وقت اس گھر کی بنیاد زلزلہ مزاحم ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی جا رہی تھی۔