ہرمذہب کا احترام کیا جانا چاہیے:نغمہ مرارجی

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 07-04-2022
 ہرمذہب کا احترام کیا جانا چاہیے:نغمہ مرارجی
ہرمذہب کا احترام کیا جانا چاہیے:نغمہ مرارجی

 

 

آواز دی وائس،نئی دہلی

گوشت کی دکان کے تنازعہ پر کانگریس لیڈر نغمہ نے کہا کہ 'کتنے ہندو نوراتری کا روزہ رکھتے ہیں۔'

 خیال رہے کہ ملک میں نوراتری اور رمضان کا مقدس تہوار جاری ہے، کانگریس لیڈر نغمہ مرارجی نے کہا کہ اس سب پر سیاست کرنا بیکار ہے، ہمیں مہنگائی پر بات کرنی چاہیے۔ ہر روز کوئی نیا مسئلہ نکالا جاتا ہے، کبھی حجاب کو لے کر تنازعہ کھڑا کیا جاتا ہے تو کبھی گوشت کو لے کر۔

انہوں نے اس مسئلہ پر سوال کیا کہ ہمارے ملک میں سب سے زیادہ ہندو ہیں۔ ان میں سے کتنے فیصد ہندو نوراتری کے دوران روزہ رکھتے ہیں؟ نوراتی میں بھی کتنے ہندو نان ویج کھاتے ہیں؟

حال ہی میں، کچھ جگہوں پر نوراتری کے دوران گوشت کی دکانیں بند کرنے کے احکامات آئے تھے، جنہیں کئی جگہوں پر واپس بھی لے لیا گیا ہے۔

حالانکہ جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر نے بھی ایسے ہی احکامات دیے ہیں، لیکن دہلی میں تحریری حکم نہ ہونے کی وجہ سے گوشت کا کاروبار کرنے والے لوگوں نے اپنی دکانیں کھلی رکھیں۔

اس معاملے پر کانگریس لیڈر اور فلم اداکارہ نغمہ مرارجی نے کہا کہ اس طرح کے فیصلے بکواس ہیں کیونکہ ہر مذہب کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ہمارے ملک میں ہندوؤں کی اکثریت ہے۔ ان میں سے کتنے فیصد ہندو نوراتری کے دوران روزہ رکھتے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ جو کھاتے ہیں ان کو کھانے دو، یہ طالبانی سوچ اور فکر جو آپ اس ملک میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ بالکل ناقابل قبول اور غلط ہے۔ ہمارے گھر میں بھی جن کو نان ویج کھانا ہوتا ہے، وہ کھاتے ہیں، یہ کسی گھر میں بنتا ہے اور کسی گھر میں نہیں بنتا۔ سب کی پلیٹ میں کیا جانا ہے، کیوں جانا ہے اس پر کوئی پابندی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان ایک آزاد ملک ہے، جس میں جو کھانا چاہے کھا سکتا ہے۔ جب تک آپ ملک دشمن یا عوام دشمن بات نہیں کر رہے، آپ پر کیا پابندی ہے؟ مہنگائی نے آگ لگا دی ہے، لوگوں کے پاس کام نہیں، بے روزگار ہیں، ہمیں ان مسائل کی فکر کرنی چاہیے۔