ملک کی گنگاجمنی تہذیب کو بچانے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی: نصیر الدین چشتی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 18-04-2022
ملک کی گنگاجمنی تہذیب کو بچانے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی: نصیر الدین چشتی
ملک کی گنگاجمنی تہذیب کو بچانے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی: نصیر الدین چشتی

 

 

آواز دی وائس،صفی پور

آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل(AISSC) نے فیصلہ کیا ہے کہ تشدد سے متاثرہ ریاستوں میں ایک اعلیٰ سطحی وفد بھیجا جائے گا تاکہ وہاں کی اصل صورتحال معلوم کی جا سکےاورپھرمقامی حکومت کے اعلیٰ حکام کو ایک میمورنڈم بھیجا جائے۔

بزم صفویہ کے زیراہتمام آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کےچیئرمین ونائب دیوان درگاہ خواجہ غریب نوازسید نصیر الدین چشتی کی صدارت میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔

یہ اجلاس ملک کی مختلف ریاستوں میں رونما ہونے والے فرقہ وارانہ واقعات کے حوالے سے منعقد ہوا۔

خیال رہے کہ یہ اجلاس آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے یوپی انچارج افضل محمد فاروقی صفوی خانقاہ صفویہ نے بلایا تھا۔

اجلاس میں ملک میں رونما ہونے والے ان غیر انسانی واقعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور مستقبل کے حوالے سے بات کی گئی کہ آئندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہونے پائیں۔ نیزان واقعات میں ملوث ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے اور متاثرین کو جلد از جلد انصاف فراہم کیا جائے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اے آئی ایس ایس سی ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔اس کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں مختلف مذاہب کے علمائے کرام کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے مذہبی رواداری پر مذاکرے اور سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔

وہیں متاثرین کی ہرقسم کی امداد کی جائے اور ضلعی سطح پر امن کمیٹیوں کی تشکیل دی جائے۔

اجلاس میں موجود مقررین نے اپنا موقف رکھتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت عالمی طاقت بن کر ابھر رہا ہے اور پوری دنیا ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔ جو لوگ اس طرح کے ملک دشمن واقعات کو انجام دیتے ہیں، وہ پوری دنیا میں ملک کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ملک کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔ ہمارا ملک ایک جمہوری اور سیکولر ملک ہے۔ اور یہ ہمارے ملک کی تنوع میں اتحاد کی پہچان ہے۔

کچھ عرصے سے غیر سماجی عناصر کی وجہ سے ملک کی رنگا رنگ ثقافت میں کچھ دراڑ سی نظر آنے لگی ہے۔ آج ملک کے تمام مذہبی گرو، خانقاہوں اور دیگر تنظیموں کی ذمہ داروں پر فرض ہے کہ  ملکی مفاد کے لیے کام کریں اور ملک کو عالمی گرو بنانے کی کوشش کریں۔

 یہ کوئی زیادہ مشکل کام نہیں ہے۔ بس ضرورت ہے ذاتی مفاد سے اوپر اٹھ کر ملک اور معاشرے کے لیے کچھ کرنے کا جذبہ پیدا کیا جائے۔

اجلاس میں  دہلی نظام الدین درگاہ سےکونسل کے دہلی انچارج فرید احمد نظامی،کونسل کے قومی ترجمان حیات اللہ حسینی، قومی کنوینر عبدالقادر پاشا، شمیم ​​الدین منعمی بہار، آل انڈیا نائب صدر  عمار احمد احمدی اور تمل ناڈو سے احمد شتری وغیرہ نے شرکت کی۔

یہ ایک ورچوئل اجلاس تھا۔ سبھی لوگوں نے اپنے اپنے مقام سے اظہارِ خیال کیا۔