ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی ادارہ تحقیق وتصنیف اسلامی علی گڑھ کے چوتھے صدر منتخب

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 08-10-2022
ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی ادارہ تحقیق وتصنیف اسلامی علی گڑھ کے چوتھے صدر منتخب
ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی ادارہ تحقیق وتصنیف اسلامی علی گڑھ کے چوتھے صدر منتخب

 

محمد صادر ندوی

 

(اسکالر ادارۂ تحقیق)

 ادارہ تحقیق وتصنیف اسلامی علی گڑھ کے صدر وسابق امیر جماعت اسلامی ہند سید جلال الدین عمری رحمہ اللہ کی رحلت کے بعد علمی دنیا میں ایک عظیم خسارہ محسوس ہوا_ ادارہ تحقیق ان علمی وتربیتی اداروں میں سب سے اہم ادارہ ہے جو مولانا مرحوم کی راست سرپرستی میں اپنے علمی وتحقیقی سفر پر گامزن تھا_ بلکہ آپ نے پوری زندگی اسی کی آبیاری میں صرف کردی_ آپ کے سانحہ ارتحال کے بعد اس خلا کو پر کرنے کے لیے 07 اکتوبر 2022 بروز جمعہ ادارہ میں مجلس منتظمہ کی میٹنگ رکھی گئی_ امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی، قیم جماعت جناب ٹی عارف علی، ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی اور ڈاکٹر محی الدین غازی صاحبان دہلی سے تشریف لائے، ادارہ کے سکریٹری مولانا اشہد جمال ندوی، پروفیسر مسعود احمد اور انجینیر نسیم احمد خاں کے اتفاق رائے سے مولانا مرحوم کے دیرینہ رفیق علمی ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی ( سکریٹری شعبہ اصلاح معاشرہ مرکز جماعت اسلامی ہند) کا ادارہ کے صدر اور مجلہ تحقیقات اسلامی کے مدیر کی حیثیت سے انتخاب ہوا_

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی ضلع بہرائچ یوپی میں 1964ء میں پیدا ہوئے دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ سے عالمیت وفضیلت کے بعد طبیہ کالج اے ایم یو علی گڑھ سے BUMS اور MD کیا، اسی درمیان مولانا سید جلال الدین عمری اور ادارہ سے ایسی وابستگی ہوگئی کہ زندگی کے کسی موڑ پر بھی اس سے دامن چھڑا نہ سکے، موصوف نے صدر منتخب ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ " ایک دن مولانا مرحوم نے مجھ سے کہا کہ: تم مجھے یہ لکھ کر دے دو کہ کبھی ادارہ کو چھوڑ کر نہیں جاؤ گے" مولانا مرحوم کی اس وصیت نے گویا ڈاکٹر صاحب کی زندگی کا رخ ہی موڑ دیا اور آپ ایک حکیم کے بجائے ایک معروف محقق ومصنف کی حیثیت سے علمی دنیا میں متعارف ہوئے_

ڈاکٹر موصوف نے ادارہ سے 1994 میں وابستگی کے بعد متعدد قیمتی کتابیں تصنیف کی ہیں، جن میں مولانا عمری ہی کی طرح موضوعات کا تنوع بھی پایا جاتا ہے_ ان میں "قرآن کریم کا تصور انسانیت، حقائق اسلام بعض اعتراضات کا جائزہ، قرآنی آیات کی سائنسی تشریح- خطرات اور ان کا تدارک، تخلیق انسانی کے مراحل اور قرآن کا سائنسی اعجاز، گھریلو تشدد اور اسلام، حقیقت رجم ایک تنقیدی جائزہ، حضرت ابراہیم علیہ السلام امام انسانیت" وغیرہ قابل ہیں_ ان کے علاوہ آپ کی کئی کتابیں فن طب سے متعلق بھی ہیں، جیسے "کلیات طب مصادر ومراجع، کتابیات قانون، مقالات طب- اول و دوم"_ فن ترجمہ سے شغف کی بنا پر انھوں نے کئی عربی کتابوں کے اردو تراجم بھی کیے ہیں_

   اس موقعہ پر ادارہ کے جملہ اراکین واسکالرس کے ساتھ صدر نو کے استقبال کے لیے ایک نشست رکھی گئی، امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی نے نیک خواہشات کا اظہار کیا، صدر محترم نے نئے عزائم اور حوصلوں کے ساتھ ادارہ کے نہج پر کام کرنے کی ترغیب دلائی_

اللہ تعالیٰ ادارہ تحقیق کی حفاظت فرمائے اور اس کے وابستگان کو علمی وفکری ترقیات اور علوم و فنون کی نشر واشاعت کا ذریعہ بنائے_ آمین!