کل سے کھلے گی دہلی مگر آہستہ آہستہ

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-05-2021
ابھی اور انتظار  ۔۔
ابھی اور انتظار ۔۔

 

 

نئی دہلی: ملک کی راجدھانی میں لاک ڈاون میں ۷ جون تک کی توسیع کردی گئی ہے۔ مگر کل سے دہلی کو مرحلہ وار کھولا جائے گا۔ یعنی کہ دہلی کی زندگی کو معمول پر لایا جائے گا۔دہلی کی اکثریت کو ابھی مزید ایک ہفتہ گھروں کی چار دیواری کے اندر ہی گزارنےہوں گےیعنی دہلی میں فیکٹری اور تعمیراتی سرگرمیاں پیر سے کھولنے کی اجازت کے ساتھ ، لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے جو 7 جون کی صبح 5 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔ '

دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کی جانب سے ہفتہ کے روز لاک ڈاؤن میں ایک ہفتے کی توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق تعمیرات اور فیکٹریوں میں پروڈکشن کی 31 مئی سے رعایت رہے گی جبکہ دیگر پابندیاں پہلے کی طرح جاری رہیں گی۔ کورونا کی دوسری لہر کے بعد 20 اپریل کو دہلی میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد لاک ڈاؤن میں ایک ایک ہفتہ کا اضافہ کیا گیا۔ لاک ڈاؤن 31 مئی کی صبح پانچ بجے تک تھا ، جو اب 7 جون کی صبح پانچ بجے تک بڑھا دیا گیا ہے۔

واضح رہے جب دہلی کےوزیر اعلی اروند کیجریوال نے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا تو اس وقت لوگوں سے کہا تھاکہ یہ بہت چھوٹا سا لاک ڈاؤن ہو گا لیکن حالات بگڑتےرہے اور لاک ڈاؤن کی مدت ہر ہفتہ بڑھتی رہی۔آ ج کی تاریخ میں کورونا متاثرین کی تعداد دہلی میں بہت کم ہو گئی ہے اور دہلی میں متاثرین کی شرح جو 35 فیصد تک پہنچ گئی تھی وہ گھٹ کر صرف ایک فیصد سے تھوڑا زیادہ رہ گئی ہے۔