دہلی فسادات:محمد سلیم خان کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-05-2022
دہلی فسادات:محمد سلیم خان کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری
دہلی فسادات:محمد سلیم خان کی درخواست ضمانت پر نوٹس جاری

 


آواز دی وائس،نئی دہلی

دہلی ہائی کورٹ نے عرضی گزار محمد سلیم خان کی ضمانت کی درخواست پر نوٹس جاری کیا۔

دہلی ہائی کورٹ نے پیر کو ایک ٹیکسٹائل یونٹ کے مالک محمد سلیم خان کی ضمانت کی درخواست پر نوٹس جاری کیا، جو مبینہ طور پر 2020 کے دہلی فسادات سے متعلق ایک بڑے سازشی کیس میں ملوث ہیں۔

جسٹس مکتا گپتا اور جسٹس منی پشکرنا کی بنچ نے اس معاملے میں نوٹس جاری کیا اور اس کی مزید سماعت 20 جولائی کو مقرر کی ہے۔ ٹرائل کورٹ میں ضمانت مسترد ہونے کے بعد محمد سلیم خان نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ان کی ضمانت کی درخواست کو ایڈیشنل سیشن جج امیتابھ راوت نے 22 مارچ کو مسترد کر دیا تھا۔

دہلی پولیس نے محمد سلیم خان پر سخت غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) سمیت مختلف دفعات کے تحت فرد جرم عائد کی ہے۔ دہلی پولیس کے مطابق جے این یو کے اسکالرز اور کارکن خالد اور شرجیل امام تقریباً ایک درجن لوگوں میں شامل ہیں جو دہلی فسادات 2020 سے متعلق ایک مبینہ بڑے سازشی کیس میں ملوث ہیں۔

معلوم ہونا چاہئے کہ فروری2020 میں قومی دارالحکومت میں فسادات پھوٹ پڑے، کیوں کہ سی اے اے (شہریت ترمیمی ایکٹ) مخالف اور سی اے اے کے حامی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں پرتشدد ہو گئیں اور 50 سے زیادہ افراد کی جانیں گئیں اور 700 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔