چاندنی چوک :مبینہ غیر قانونی تعمیر کو روکی جائے: دہلی ہائی کورٹ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 04-10-2022
دہلی میونسپل کارپوریشن چاندنی چوک پر مبینہ غیر قانونی تعمیر کو روکے: دہلی ہائی کورٹ
دہلی میونسپل کارپوریشن چاندنی چوک پر مبینہ غیر قانونی تعمیر کو روکے: دہلی ہائی کورٹ

 

 

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کو یہ یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے کہ چاندنی چوک میں کسی جگہ پر کوئی تعمیر نہ ہو۔ عدالت نے یہ ہدایت رہائشی علاقے کے احاطے میں غیر قانونی اور غیر مجاز کمرشل تعمیرات کے الزام پر دی۔ کورٹ کمشنر نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ معائنے کے دوران تعمیراتی جگہ پر سیمنٹ کی بوریوں سمیت تعمیراتی سامان کی بڑی مقدار ملی۔

چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس سبرامنیم پرساد کی بنچ نے کہا کہ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ کسی بھی قسم کی تعمیر نہیں ہوگی اور ایم سی ڈی عدالت کے اس حکم کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنائے گی۔ عدالت چاندنی چوک کے کٹرا نیل کے رہنے والے ایس جیٹلی کی درخواست پر سماعت کر رہی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ رہائشی علاقے باغ وال میں غیر مجاز اور غیر قانونی تجارتی تعمیرات کی جا رہی ہیں۔

تعمیراتی سائٹ کے مالکان نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ وہ کوئی تعمیراتی کام یا مرمت کا کام نہیں کریں گے اور عدالت کے حکم کی پابندی کریں گے۔ عدالت اب اس معاملے میں اگلی سماعت 19 دسمبر کو کرے گی۔ ایم سی ڈی کے وکیل نے عرض کیا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے بلڈر کو تعمیراتی جگہ پر معمولی مرمت کرنے کی اجازت دی تھی، لیکن حکم کی آڑ میں ایک عمارت کو اس کے ڈھانچے میں ردوبدل کرکے کمرشل کمپلیکس میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

اس کے بعد عدالت نے اس معاملے میں جائیداد کا معائنہ کرنے اور تفصیلی رپورٹ دینے کے لیے کورٹ کمشنر کو مقرر کیا تھا۔