نئی دہلی:دہلی میں مہیلا سمان ندھی یوجنا کو لے کر عام آدمی پارٹی (آپ) نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ دہلی کی سابق وزیر اور اپوزیشن لیڈر آتشی نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے 2500 روپے کی اسکیم کے لیے کئی شرطیں عائد کر دی ہیں۔
انہوں نے کہا: الیکشن سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے گارنٹی دی تھی کہ دہلی کی ہر عورت کو ہر مہینے 2500 دیے جائیں گے۔ کہا گیا تھا کہ پہلی کابینہ میٹنگ میں اسکیم پاس ہوگی اور پہلی قسط 8 مارچ کو دی جائے گی۔ حکومت بنے ہوئے دو ماہ سے زیادہ ہو چکے ہیں، نہ اسکیم شروع ہوئی، نہ 2500 کی ایک بھی قسط دی گئی۔ آتشی نے کہا: اسکیم کا فائدہ 18 نہیں بلکہ 21 سال سے اوپر کی خواتین کو ملے گا۔ ہر عورت کو نہیں، بلکہ ہر خاندان سے صرف ایک عورت کو یہ رقم دی جائے گی۔
صرف راشن کارڈ رکھنے والی خواتین کو ہی اسکیم کا فائدہ ملے گا۔ مکمل 2500 نہیں دیے جائیں گے، حکومت کچھ رقم اپنے پاس رکھے گی۔ ویکسینیشن کارڈ لازمی ہوگا، ورنہ رقم نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مودی کی گارنٹی نہیں، دہلی کی خواتین کے ساتھ مودی کی دھوکہ دہی ہے۔ بی جے پی نے جھوٹ بول کر دہلی والوں کا ووٹ چرا لیا ہے۔‘ عام آدمی پارٹی کے دہلی کنوینر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ حکومت 2500 مکمل نہیں دے گی، کچھ دے گی اور کچھ رقم روک لے گی، اور جب ضروری ہوگا تو باقی رقم دی جائے گی۔
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ بی جے پی کی حکومت جھوٹ، دھوکہ، جوتے-چپل، شراب، ساڑیاں اور کمبل بانٹ کر بنی ہے، اور اب اپنی ساکھ کھو رہی ہے۔ یاد رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات سے پہلے بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کے مقابلے میں خواتین کو ماہانہ 2500 دینے کا وعدہ کیا تھا۔
حکومت بننے کے بعد کابینہ نے اس اسکیم کی منظوری دی اور بجٹ میں بھی اس کے لیے گنجائش رکھی گئی۔ تاہم اب تک یہ اسکیم نافذ نہیں کی گئی۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کا کہنا ہے کہ اس اسکیم سے متعلق تصدیق (ویری فکیشن) کا عمل جاری ہے اور آئندہ وقت میں اسے لاگو کیا جائے گا۔