راجستھان: دلت خاتون ٹیچر کو زندہ جلا دیا گیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 17-08-2022
راجستھان: دلت خاتون ٹیچر کو زندہ جلا دیا گیا
راجستھان: دلت خاتون ٹیچر کو زندہ جلا دیا گیا

 

 

جے پور:راجستھان کے جالور میں ایک دلت طالب علم کی موت کا معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا تھا کہ جے پور میں ایک دلت خاتون ٹیچر کو زندہ جلا دیا گیا۔ بدمعاشوں نے خاتون کو اسکول جاتے ہوئے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ آگ سے بری طرح جھلس جانے والی ٹیچر نے منگل کی رات دیر گئے ایس ایم ایس اسپتال میں دم توڑ دیا۔ یہ واقعہ 10 اگست کو پیش آیا۔ جس کی ویڈیو بدھ کو منظر عام پر آئی۔

جانکاری کے مطابق یہ چونکا دینے والا واقعہ جے پور کے رائسر گاؤں کا ہے۔ 10 اگست کو صبح آٹھ بجے ریگرون کے علاقے میں رہنے والی ٹیچر انیتا ریگر (32) اپنے بیٹے راجویر (6) کے ساتھ وینا میموریل اسکول جارہی تھیں۔ اس دوران کچھ شرپسندوں نے اسے گھیر لیا اور حملہ کر دیا۔ بدمعاشوں سے بچنے کے لیے انیتا قریب ہی بنے ایک گھر میں گھس گئی۔ اس کی مدد کے لیے 100 ڈائل پر اطلاع دی گئی لیکن کافی وقت گزرنے کے بعد بھی پولیس وہاں نہیں پہنچی۔

اس کے بعد جیسے ہی موقع ملا بدمعاشوں نے پٹرول چھڑک کر ٹیچر پر آگ لگا دی۔ شعلوں میں لپٹی انیتا مدد کے لیے چیخ رہی تھی لیکن کوئی اس کے پاس نہیں آیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ٹیچر کے شوہر تاراچند اپنے اہل خانہ کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے اور بیوی کو جمورم گڑھ کے سرکاری اسپتال لے گئے۔ جہاں80 فیصد جھلس جانے والی انیتا کو ابتدائی علاج کے بعد جے پور کے ایس ایم ایس اسپتال ریفر کیا گیا۔

 متوفی ٹیچر انیتا نے ملزم کو ڈھائی لاکھ روپے ادھار دیے تھے۔ کئی دنوں سے وہ ملزم سے اپنی رقم واپس مانگ رہی تھی۔ بار بار رقم کا مطالبہ کرنے پر ملزمان نے ٹیچر کو مارا پیٹا اور گالیاں دیں۔ انیتا نے اس سلسلے میں 7 مئی کو رئیسر تھانے میں مقدمہ بھی درج کرایا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولیس نے ٹیچر کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی اور آخر کار بدمعاشوں نے خاتون کو زندہ جلا دیا۔

جے پور میں اسکول سے واپس آتے ہوئے دلت ٹیچر کو زندہ جلا دیا گیا۔ معاملہ ایک ہی خاندان کے دو فریق بتایا جا رہا ہے۔ متوفی انیتا دیوی فریق اور ملزم فریق کے درمیان رقم کے لین دین کا تنازعہ تھا۔ تقریباً 80 فیصد جھلس جانے والی خاتون اسپتال لے جانے کے فوراً بعد فوت ہوگئیں۔ 

متوفی ٹیچر کے شوہر تاراچند نے رام کرن، بابولال، گوکل، مول چند، سریش چند، آنندی، پرہلاد ریگر، سلوچنا، سرسوتی اور ویملا پر اپنی بیوی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کا الزام لگایا ہے۔ دوسری جانب تاراچند کا کہنا ہے کہ شکایت کے بعد بھی پولیس نے ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ ابھی تک ایک بھی ملزم گرفتار نہیں ہوا۔ منگل کی رات دیر گئے ٹیچر کی موت کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد سارا معاملہ سامنے آیا۔