کورونا پڑا کمزور: زندگی پٹری پر لوٹنے کو تیار- معیشت جولائی تک پکڑ لے گی رفتار

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-06-2021
زندگی معمول پر آئے گی
زندگی معمول پر آئے گی

 

 

 آواز دی وائس:نئی دہلی

کورونا کا زور ٹوٹ رہا ہے ،خبر اچھی ہے،ملک کی مختلف ریاستوں میں لاک ڈاون میں نرمی اور مرحلہ وار خاتمہ کے اعلانات کے ساتھ کورونا کی دوسری لہر کے زوال کا اشارہ مل گیا ہے۔ دہلی سے مہاراشٹر اور تمل ناڈو تک اب کوروناکے پازیٹیو کیسیز میں کمی آرہی ہے۔دہلی میں یوں تو لاک ڈاون میں توسیع کی گئی ہے لیکن پیر سے بہت کچھ بدل جائے گا،زندگی معمول پر لانے کی جانب محدود اقدام کا اعلان کیا گیا ہے ،جن میں میٹرو کا آغاز اور پرائیوٹ آفسوں میں نصف اسٹاف کے ساتھ کام کا آغاز شامل ہے۔ کورونا وبا پر قابو پانے کے تناظر میں مہاراشٹر میں ’بریک دی چین ‘ کے تحت نافذ کی جانے والی پابندیوں میں 7 جون سے نرمی کی جائے گی۔تمل ناڈو میں لاک ڈاون کی مدت بعض رعایتوں کے ساتھ ایک اور ہفتے بڑھا دی ہے۔مگر مجموعیطور پر زندگی کے ڈگر پر لوٹ آنے کا راستہ ہموار ہوتا نظر آرہا ہے۔ایک اچھی خبر یہ ہے کہ اس ماہ سے معیشت کی حالت بہتر ہونی شروع ہو جائے گی۔جس کا دعوی نیتی آیوگ نے کیا ہے۔

کمزور پڑ رہا ہے کورونا 

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1.20 لاکھ یومیہ نئے معاملے دج ہوئے ہیں، جو تقریباًدو مہینوں میں سب سے کم ہیں۔مسلسل 9 دن سے 2 لاکھ سے کم نئے معاملے درج ہورہے ہیں۔ملک بھر میں 15,55,248مریض زیر علاج ہیں، مسلسل 5 ویں روززیر علاج مریضوں کی تعداد 20 لاکھ سے کم درج ہوئی ہے۔مسلسل23ویں دن یومیہ نئے معاملات کے مقابلے یومیہ شفایاب ہونے والوں کی تعداد زیادہ درج ہوئی۔شفایابی کی شرح میں اضافہ ہوکر 93.38 فیصد پر پہنچ گئی۔یومیہ متاثرہ مریضوں کی شرح مزیدکم ہوکر 5.78 فیصد ہوئی، مسلسل 12 دنوں سے 10 فیصد سےکمی کا رجحان جاری ہے۔

جولائی میں معیشت رفتار پکڑ لے گی 

ہندوستان کی معیشت کوکورونا بحران کے سبب بحران کا شکار تھی، لیکن نیتی آیوگ کا کہنا ہے کہ رواں ماہ  سے معیشت کی حالت بہتر ہونی شروع ہو جائے گی۔ نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین راجیو کمار نے کہا کہ معیشت میں بہتری جون 2021 سے شروع ہوگا اور جولائی 2021 میں یہ رفتار پکڑے گا۔راجیو کمار نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے اثر کی وجہ سے آر بی آئی نے مالی سال 2022 کے لیے جی ڈی پی اضافہ کے اندازہ کو 10.5 فیصد سے گھٹا کر 9.5 فیصد کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ پہلی سہ ماہی میں ہماری معیشت کو متاثر کرنے والی وجہ رہی ہے۔ راجیو کمار نے مزید کہا کہ ہماری معیشت مالی سال 2022 میں 10 فیصد سے 10.5 فیصد کی رفتار سے بڑھے گی۔نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین راجیو کمار نے کہا کہ مرکز کو پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے بارے میں کچھ کرنا چاہیے، لیکن ہمیں توازن کی بھی ضرورت ہے۔ لاک ڈاون میں توسیع مگر نرمی بھی

راجدھانی میں ہلچل کی واپسی

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے لاک ڈاؤن کو مزید کچھ دنوں کے لیے بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان سے ان لوگوں کو کافی مایوسی ہوگی جو لگاتار لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ کیجریوال نے اپنے بیان میں بتایا کہ دہلی میں پیر کے آگے بھی لاک ڈاؤن جاری رہے گا، لیکن کافی رعایت دی جا رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بازار، مال کو آڈ-ایوین (طاق-جفت) کی بنیاد پر صبح 1 بجے سے شام 8 بجے تک کھولا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید رعایتوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ دفاتر 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کھولے جا سکتے ہیں اور ضروری سامان کی دکانیں روزانہ کھلیں گی۔ علاوہ ازیں دہلی میٹرو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ شروع کی جا رہی ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ سرکاری دفاتر میں گروپ اے افسران 100 فیصد اور باقی اس کے نیچے والے 50 فیصد افسر کام کریں گے۔ ضروری خدمات میں 100 فیصد ملازمین کام کریں گے۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ ’’ماہرین کے ساتھ بات کر کے یہ طے کیا گیا ہے کہ آئندہ لہر میں 37 ہزار کیسوں کا عروج مان کر تیاری شروع کی جائے۔ 420 ٹن آکسیجن کی اسٹوریج صلاحیت تیار کی جا رہی ہے۔ 25 آکسیجن ٹینکر خریدے جا رہے ہیں اور 64 آکسیجن پلانٹ لگ رہے ہیں۔‘‘

مہاراشٹر میں ’بریک دی چین

‘  کورونا وبا پر قابو پانے کے تناظر میں مہاراشٹر میں ’بریک دی چین ‘ کے تحت نافذ کی جانے والی پابندیوں میں 7 جون سے نرمی کی جائے گی۔ مہاراشٹر اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ریلیف اینڈ ری ہیبلٹیشن کے پرنسپل سکریٹری اسیم گپتا نے جمعہ کی رات اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ریاست کے اضلاع میں کووڈ انفیکشن شرح اور آکسیجن بیڈ کے استعمال کی بنیاد پر پانچ مراحل میں تقیسم کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے میں پانچ فیصد سے کم انفیکشن کی شرح اور 25 فیصد سے بھی کم آکسیجن ایمبولینس کا استعمال کرنے والے اضلاع آئیں گے۔ ایسے اضلاع میں تمام سرگرمیاں آسانی سے جاری رہیں گی۔ دوسرے مرحلے میں پانچ فیصد سے کم انفیکشن شرح اور 25 فیصد سے 40 فیصد آکسیجن بیڈ استعمال کر نے والے ان اضلاع میں تعمیراتی، زرعی خدمات سمیت تمام سرگرمیاں شروع کی جاسکتی ہیں۔ ریستوران، مال، سنیما ہال، جم، سیلون اور سپا اپنی 50 فیصد گنجائش سے شروع ہوں گے۔

تیسرے مرحلے میں 10 فیصد انفیکشن کی شرح اور 40 فیصد سے زیادہ آکسیجن بیڈ کے استعمال کرنے والے اضلاع میں لازمی خدمات کے ساتھ دیگردکانیں شام 4 بجے تک کھلی رہیں گی۔ ہفتہ اور اتوار کو صرف لازمی خدمات ہی جاری رہیں گی۔ چوتھے مرحلے میں 10 سے 20 فیصد تک انفیکشن کی شرح اور 60 فیصد سے زیادہ آکسیجن بیڈ استعمال کرنےوالے اضلاع آئیں گئے۔ ان اضلاع میں ہنگامی خدمات شام 4 بجے تک جاری رہیں گی، دیگر تمام سرگرمیاں بند رہیں گی۔

 تمل ناڈومیں کچھ ریاعیتیں

 تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ ایم کے اِسٹالِن نے ریاست میں لاک ڈاون کی مدت بعض رعایتوں کے ساتھ ایک اور ہفتے بڑھا دی ہے۔ نئے رہنما خطوط کل سے 14 جون تک نافذ رہیں گے۔ حکومت نے گیارہ ضلعوں میں علیحدہ رہنما خطوط کا اعلان کیا ہے، جہاں کووڈ کے مریضوں کی تعداد اب بھی تشوش کا باعث ہے۔ دیگر اضلاع کے لیے مزید رعایتوں کا اعلان کیا گیا ہے۔