کورونا کا بڑھتا قہر، 4.14 لاکھ نئے کیسز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-05-2021
بڑھتا خطرہ ۔ بڑھتی  ذمہ داری
بڑھتا خطرہ ۔ بڑھتی ذمہ داری

 

 

نئی دہلی، 07 مئی (یو این آئی) ملک میں کورونا کے دن بہ دن بڑھتے قہر کے درمیان گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 4.14 لاکھ سے زائد نئے کیسز سامنے آئے اور دوسرے دن بھی تقریباً چار ہزار سے زیادہ مریض ہلاک ہوئے، حالانکہ راحت کی بات یہ ہے کہ 3.31 لاکھ افراد کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے۔

اس دوران جمعرات کو 23 لاکھ 70 ہزار 298 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے۔ ملک میں اب تک 16 کروڑ 49 لاکھ، 73 ہزار 58 افراد کی ٹیکہ کاری کی جا چکی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 414188 نئے کیسز آنے کے ساتھ ہی کورونا متاثرین کے اعداد و شمار بڑھ کر دو کروڑ 14 لاکھ 91 ہزار 598 ہو گئے۔ فعال کیسز میں مسلسل اضافہ ہونے سے ان کی تعداد 3645164 ہو گئی ہے۔

وہیں 331507 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ مجموعی طور پر اب تک ایک کروڑ 76 لاکھ 12 ہزار 351 افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں۔ دریں اثناء 3915 مریض ہلاک ہوئے ہیں‘ مجموعی طور پر اس وبا سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 234083 ہو گئی ہے۔ ملک میں ریکوری ریٹ کم ہو کر 81.95 فیصد اور فعال کیسز کی شرح بڑھ کر 16.96 فیصد ہو گئی ہے، وہی شرح اموات ابھی 1.09 فیصد ہے