کورونا : یورپی دورے سے واپسی پر پی ایم لیں گے جائزہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 31-10-2021
کورونا : یورپی دورے سے واپسی پر پی ایم لیں گے جائزہ
کورونا : یورپی دورے سے واپسی پر پی ایم لیں گے جائزہ

 

 

نئی دہلی : دیوالی کے تہوار کے لیے بازاروں میں زبردست بھیڑ اور اس دوران کئی ریاستوں میں کووڈ-19 کے معاملات میں اضافے نے مرکزی حکومت کو پریشانی میں ڈال دیا ہے۔ اس کی وجہ سے وزیر اعظم نریندر مودی جو اس وقت یورپ کے دورے پر ہیں، وہاں سے واپس آتے ہی چھ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور 40 اضلاع کے ڈی ایم کے ساتھ میٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ  میٹنگ :3 نومبر کو ہوگی، جس میں کووڈ-19 ویکسینیشن کی سست رفتار سے متعلق بات ہوگی

ملاقات ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوگی

وزیر اعظم مودی اس وقت یورپ کے دورے پر ہیں۔ جہاں وہ جی20 سربراہی اجلاس کے بعد موسمیاتی تبدیلی پر کوپ26 سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پی ایم او نے اتوار کو کہا کہ وزیر اعظم مودی اس دورے سے 2 نومبر کی رات ہندوستان واپس آئیں گے۔ لیکن کووڈ-19 کے معاملات میں دوبارہ اضافہ دیکھ کر پی ایم مودی نے 3 نومبر کی دوپہر کو وزرائے اعلیٰ اور ضلع مجسٹریٹس کے ساتھ بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میٹنگ دوپہر 12 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوگی۔ اس میں ریاستوں میں جاری کووڈ ویکسینیشن مہم کا جائزہ لیا جائے گا۔

پی ایم او نے کہا کہ میٹنگ میں 40 اضلاع کے ڈی ایم کو طلب کیا گیا ہے، جہاں کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک اب تک 50 فیصد سے کم لوگوں کو دی گئی ہے، جب کہ دوسری خوراک دینے کی شرح بھی بہت کم ہے۔ یہ 40 اضلاع جھارکھنڈ، منی پور، ناگالینڈ، اروناچل پردیش، مہاراشٹرا اور میگھالیہ کے ہیں۔ میٹنگ میں کچھ دیگر ریاستوں کے وزیر اعلیٰ کو بھی بلایا گیا ہے۔ 

۔۔ 12 ہزار سے زائد کیسز سامنے آنے پر تشویش

 پی ایم مودی کی میٹنگ کا فیصلہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر 12,830 نئے کووڈ-19 کیسز موصول ہونے کے بعد لیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق اس عرصے کے دوران 446 لوگوں کی موت ہوئی ہے، جب کہ 14,667 لوگ انفیکشن سے صحت یاب ہو کر صحت مند ہو چکے ہیں۔

 ملک میں اب کوویڈ 19 کے کل 3,42,73,300 کیسز ہیں، جب کہ ایکٹو کیسز 1,59,272 ہیں۔ اب تک 3,36,55,842 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 4,58,186 کی موت ہوچکی ہے۔

ملک میں ماضی میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد عام لوگوں نے بہت زیادہ لاپرواہی کا مظاہرہ کیا۔ بہت سے لوگ کووڈ-19 ویکسین لینے سے گریز کر رہے ہیں۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے حال ہی میں بتایا کہ ملک میں 10.34 کروڑ لوگ ایسے ہیں جنہوں نے کووڈ ویکسین کی دوسری خوراک نہیں دی ہے، حالانکہ ان کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ریاستوں کو 112 کروڑ ویکسین بھیجی گئی ہیں

 مرکزی حکومت نے اب تک ریاستوں کو 112 کروڑ کووڈ ویکسین دی ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق تمام ریاستوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تہواروں کو مدنظر رکھتے ہوئے کووڈ ویکسینیشن کو تیز کریں۔