کورونا مریضوں کی بھر پور مدد کریں۔ حیدرآباد کے سرکردہ علمائے کرام کی اپیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-05-2021
مدد۔۔۔۔مدد ۔۔۔مدد
مدد۔۔۔۔مدد ۔۔۔مدد

 

 

شیخ محمد یونس ۔حیدرآباد

شہرحیدرآباد کے سرکردہ علماء و مشائخ اور دانشوران قوم نے موجودہ حالات میں مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا سے متاثرہ غریب اور مستحق افراد کی بھر پوراعانت کریں۔ماہ مقدس رمضان المبارک میں مسلمان خالق کائنات سے کورونا سے تحفظ کیلئے رقت انگیز دعائیں کریں۔

یونائیٹڈ مسلم فورم نے اس سلسلے میں بڑے پیمانہ پر بیداری مہم شروع کی ہے۔فورم میں تلنگانہ و آندھرا میں مختلف مسالک سے وابستہ سرکردہ علماء اوردانشوران قوم شامل ہیں۔علما دین اوردانشورحضرات نے کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر نے سارے ملک کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔اس وباء سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر' طبی وسائل کے استعمال کے علاوہ بارگاہ ایزدی میں رقت انگیز دعائیں کی جائیں۔

۔ مصیبت کی ا س گھڑی میں مسلمان خود بھی محفوظ رہیں اور اس وباء سے متاثرہ افراد کی ہر ممکنہ اعانت کریں۔

۔ ائمہ مساجد اور خطیب صاحبان سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنے خطابات میں اس وباء سے عوام کو محفوظ رہنے کا مشورہ دیں اور وبا کے دوران مذہب کیا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیتا ہے اس پر روشنی ڈالیں۔

۔ علمائے کرام اور مشائخین عظام نے کہا کہ وباء ذات پات ' مذہب یا علاقہ نہیں دیکھتی ۔

۔ مسلمانوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ باوجود وسائل کی کمی ' تنگی' مشکلات کے بلا لحاظ مذہب و ملت مصیبت زدہ مخلوق خدا کی خدمت کریں۔رواں ماہ مقدس میں یہ کام بھی عبادت ہے ۔

۔علمادین نےصاحب حیثیت طبقہ سے اپیل کی کہ وہ کورونا سے متاثرہ مستحقین تک طبی و مادی وسائل اور آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

غریبوں کی بھر پور مدد کریں

 مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ و امیر امارت ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھراپردیش نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمان کورونا سے متاثرہ غریبوں اور مستحقین کی بھر پور مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں زکواة ' صدقات اور عطیات کے ذریعہ غریبوں اور مستحق افراد کی مدد کی جائے۔ مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ انسانیت کی خدمت وقت کا تقاضہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اہل ثروت اور اہل خیر حضرات بیمارمسلمانوں کی ہر ممکنہ مدد کریں اور اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی حاصل کریں۔

موجودہ حالات میں انسانی بقاء اہمیت کی حامل ہے۔لہذا مسلمان خیر امت کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور غریبوں اور محتاجوں اور مسکینوں ' بیماروں کی داد رسی کریں۔جو بھی کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ صاحب ثروت افراد اپنے اپنے علاقوں میں چھوٹی چھوٹی ٹیمیں تشکیل دیں اور کورونا سے متاثرہ غریب مریضوں کا پتہ چلائیں۔علاج و معالجہ کے علاوہ دیگر اخراجات کی تکمیل کی جائے۔اپنے رشتہ داروں اور پڑوسیوں کا خاص خیال رکھا جائے۔کیونکہ عزت نفس کی خاطر شدید بیماری اور پریشانی کے باوجود وہ کسی سے مانگنے سے جھجھک محسوس کرتے ہیں۔

وباء انسانی بقاء کیلئے بہت بڑا چیلنج

کورونا کی وباء انسانی بقاء کیلئے بہت بڑا چیلنج بن گئی ہے۔کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے متحدہ' سنجیدہ اور عملی کوششیں ناگزیر ہیں۔تھوڑی سی بھی غفلت و لاپرواہی اموات کی سونامی کا موجب بنے گی۔ہندوستان پوری طرح سے کورونا کی لپیٹ میں ہے۔یومیہ لاکھوں افراد کورونا سے متاثر ہورہے ہیں اور ہزاروں افراد لقمہ اجل بن رہے ہیں۔انسان خوف کے عالم میں زندگی بسر کررہا ہے۔انسان سے انسان کا رشتہ ٹوٹ چکا ہے۔نفسا نفسی کا دور ہے۔موت کا سایہ سروں پر منڈلارہا ہے۔ایسے حالات میں نہ صرف رجوع الی اللہ ہونے کی ضرورت ہے بلکہ ضرورت مندو ں کی فراخدلانہ مدد بھی وقت کا تقاضہ ہے۔ماہ رمضان غم خواری کا بھی مہینہ ہے ۔ماہ صیام میں موجودہ حالات کے تناظر میں کورونا سے متاثرہ مستحق افراد کا خاص خیال رکھا جائے۔کورونا مریضوں کو ادویات کی فراہمی' آکسیجن و دیگر اشیاء کے ذریعہ دل کھول کر مدد کی جائے۔اہل خیر حضرات کی مدد کے باعث کئی انسانی جانیں بچ سکتی ہیں۔

اپیل کرنے والے علما و دانشور

 ریاست میں مسلمانوں سے کورونا کے بحران میں غریبوں کی دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل کرنے والوں میں یونائیٹڈ مسلم فورم کے ذمہ داران مولانا محمد رحیم الدین انصاری صدرفورم و صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی تلنگانہ' مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین صابری امیر جامعہ نظامیہ و سجادہ نشین بارگاہ حضرت شاہ خاموش' مولانا سید قبول بادشاہ قادری شطاری معتمد صدر مجلس علمائے دکن و جانشین حضرت کامل شامل ہیں ۔ان کے ساتھ اور بھی نام ہیں جنہوں نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ ذکاۃ کی رقم کو کورونا کے مریضوں کے علاج کےلئے استعمال کریں ۔

 دل کھول کر مدد کریں

 دیگر علما و دانشور حضرات میں مولانا خالد سیف اللہ رحمانی بانی و ناظم المعہد العالی الاسلامی و جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ' جناب ضیاء الدین نیر صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت' مولانا میر قطب الدین علی چشتی بانی و ناظم جامعہ انوار الہدی' مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت تلنگانہ و آندھراپردیش بھی شامل ہیں۔ جن کا کہنا ہے یہ انسانیت کی بقا کا سوال ہے۔ہر گائڈ لائن کا احترام کریں اور بھیڑ اکٹھی کرنے سے گریز کریں۔ سرکاری اور مذہبی شخصیات کی ہدایات پر عمل کریں کیونکہ وبا کا سامنا کرنے کےلئے ضروری ہے کہ دماغ سے کام لیا جائے نہ کہ دل سے۔

احتیاط پر زور

علما دین اور دانشور حضرات نے اس بات پر زور دیا ہے کہ احتیاطی اقدامات کے تعلق سے مسلمانوں میں شعور بیدار کریں۔عوامی اجتماعات سے گریز کیاجائے،اگر احتیاط نہیں کی گئی تو اس وبائی مرض کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری بے احتیاطی سے کوئی دوسرا شخص اس بیماری سے متاثر ہوتا ہے تو ہمارے کاندھے پر ہی اس کا بوجھ ہوگا۔علما نے کہا کہ رمضان کریم میں بکثرت صدقہ و خیرات کیاجائے۔غریبوں اور بیماروں کی مدد کی جائے۔