چینی جہاز کے سری لنکا پہنچنے کو لے کر ہندوستان چوکس

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-08-2022
چینی جہاز کے سری لنکا پہنچنے کو لے کر ہندوستان چوکس
چینی جہاز کے سری لنکا پہنچنے کو لے کر ہندوستان چوکس

 

 

 نئی دہلی: ہندوستان اور چین کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھنے کا خدشہ ہے۔ چین کا جہاز سری لنکا کی بندرگاہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ چین کا ایک ریسرچ اینڈ سروے جہاز 11 اگست2022 کو جنوبی سری لنکا میں ہمبنٹوٹا بندرگاہ پر پہنچنے کی توقع ہے۔ اس پیش رفت پر ردعمل دیتے ہوئے ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

سری لنکا کی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل نالن ہیراتھ نے کہا کہ سری لنکا ہندوستان کی تشویش کو پوری طرح سمجھتا ہے کیونکہ یہ جہاز فوجی تنصیبات کی نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن یہ ایک معمول کی مشق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہندوستان، چین، روس، جاپان اور ملائیشیا کے بحری جہازوں نے وقتاً فوقتاً ہم سے درخواست کی ہے، اس لیے ہم نے چین کو اجازت دے دی ہے۔‘ سری لنکا نے کہا کہ جب جوہری صلاحیت کے حامل جہاز آرہے ہیں، تب ہی ہم اجازت دینے سے انکار کر سکتے ہیں۔ یہ ایٹمی صلاحیت کا جہاز نہیں ہے۔

چینی جہاز یوآن وانگ 5 نے سری لنکا سے ایندھن بھرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ کرنل ہیراتھ نے کہا کہ 'چین نے ہمیں بتایا ہے کہ وہ بحر ہند کے علاقے میں نگرانی اور نیوی گیشن کے لیے اپنا جہاز بھیج رہا ہے، اس کے رکنے کا وقت 11 سے 17 اگست ہے'۔

سری لنکا کی وزارت دفاع کے ذرائع نے بتایا کہ چینی جہاز انتہائی قابل اور جدید بحری جہاز ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوستان اس لیے پریشان ہے کہ وہ نیوکلیئر پاور پلانٹس اور فوجی اڈوں کی نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔