چھتیس گڑھ، گائے کے پیشاب کی سرکاری خریداری شروع

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 02-08-2022
چھتیس گڑھ، گائے کے پیشاب کی سرکاری خریداری شروع
چھتیس گڑھ، گائے کے پیشاب کی سرکاری خریداری شروع

 



 

 رائے پور : چھتیس گڑھ 'گؤ موتر‘ (گائے کا پیشاب) کی سرکاری طور پر خریداری کرنے والا پہلا صوبہ بن گئی ہے۔ ریاستی وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے پانچ لٹر گؤ موتر بیچ کر بیس روپے کی آمدن کے ساتھ اس منصوبے کا افتتاح کیا۔

کانگریس کی حکومت والی ریاست چھتیس گڑھ نے گائے کے فضلات کی خریداری کو توسیع دیتے ہوئے اب گائے کے پیشاب کی خریداری کا بھی باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس کے لیے ریاست کے کئی اضلاع میں باضابطہ مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں بالخصوص گؤ شالاؤں میں رکھی گئی گائیوں کے پیشاب خریدے جائیں گے۔

چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے گزشتہ دنوں اس منصوبے کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گائے کے پیشاب کی خریداری کا سرکاری ریٹ چار روپے فی لٹرمقرر کیا گیا ہے۔ پہلے روز لوگوں نے گائیوں کا 2300 لٹر پیشاب فروخت کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گؤ شالہ کمیٹیوں اور خود امدادی گروپوں کو گؤ موتر کی خریداری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ بگھیل اپنے گھر سے گائیوں کے پیشاب لے کر ایک خریداری مرکز پہنچے تھے۔

انہوں نے پانچ لٹر گؤ موتر فروخت کیا اور انہیں 20 روپے کی آمدنی کی۔ بگھیل نے بتایا کہ گائے کے پیشاب سے 'برہم استرا‘ نامی جراثیم کش محلول اور 'جیوامرت‘ نامی کھاد تیار کیے جائیں گے۔ ریاستی حکومت نے گائے کے فضلات کی خریداری کی اسکیم کا آغاز سن 2020 میں کیا تھا۔ وہ پہلے ہی دو روپے فی کلوگرام کے حساب سے گائے کا گوبر خرید رہی ہے۔ اس گوبر کو نامیاتی کھاد بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔