چھتیس گڑھ:عوام کی شکایت پرسی ایم بگھیل نے کیا افسروں کو معطل

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 06-05-2022
چھتیس گڑھ:عوام کی شکایت پرسی ایم بگھیل نے کیا افسروں کو معطل
چھتیس گڑھ:عوام کی شکایت پرسی ایم بگھیل نے کیا افسروں کو معطل

 

 

بلرام پور: چھتیس گڑھ کے اسمبلی انتخابات قریب آتے ہی وزیر اعلی بھوپیش بگھیل ایک نئے اوتار میں ہیں۔ بگھیل نے بدھ کو ریاست کے قبائلی اکثریتی ضلع بلرام پور سے ریاست گیر عوامی رابطہ مہم شروع کی تھی۔ آج انہوں نے دیگر حلقوں میں جا کر عوام کے مسائل سنے اور شکایت درست ہونے پر کئی افسران کو معطل کر دیا۔

بگھیل نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ رگھوناتھ نگر کے چوپال میں عوام نے مجھے بتایا کہ پٹواری کسانوں سے رشوت لیتا ہے۔ پٹواری پنالال سونانی کو ان کی شکایت پر فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ایگزیکٹو انجینئر کو معطل کر دیا۔ عوام نے حصول اراضی کے معاملات میں لاپرواہی کی شکایت کی تھی۔

سی ایم نے لکھا کہ یہ نیا چھتیس گڑھ ہے، یہاں کے لوگ جناردن ہیں۔ کئی لوگوں نے ایگزیکٹیو انجینئر امبیکاپور شیام برنائی کے خلاف وزیراعلیٰ سے شکایت کی تھی۔ انہیں فوری کاروائی کرتے ہوئے ہٹا دیا گیا۔ ساناول-رامانوج گنج اسمبلی کے اسٹیج سے عوام کے مسائل سنے ۔ پھر کہا کہ کسانوں کو معاوضہ کی رقم بہت پہلے بھیج دی گئی تھی۔ لیکن اب تک معاوضہ تقسیم نہیں کیا گیا۔

 

انہوں نے اسٹیج سے ہی کلکٹر کو حکم دیا کہ دو ماہ کے اندر معاوضہ تقسیم کیا جائے۔ انہوں نے ایگزیکٹیو انجینئر اوماشنکر رائے کو اسٹیج سے ہی معطل کردیا۔

 

وزیر اعلیٰ نے گاؤں والوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کو حل کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام پریشان ہوںگے تو کارروائی یقینی ہے۔ بگھیل اس مہم کے دوران ریاست کے تمام 90 اسمبلی حلقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ وہ کسی ایک گاؤں میں رات قیام کریں گے۔ وزیر اعلیٰ کا یہ دورہ ریاست میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے اہم ہے۔