نئی دہلی/ آواز دی وائس
حکومت نے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزری بورڈ کی از سر نو تشکیل کی ہے۔ اس میں خفیہ ایجنسی "را" کے سابق سربراہ آلوک جوشی کو چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ بورڈ میں مسلح افواج کے ریٹائرڈ افسران، جیسے کہ سابق ویسٹرن ایئر کمانڈر ایئر مارشل پی ایم سنہا، سابق سدرن آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اے کے سنگھ، اور ریئر ایڈمرل مونٹی کھنہ کو شامل کیا گیا ہے۔ ہندوستانی پولیس سروس سے ریٹائرڈ دو افسران راجیو رنجن ورما اور منموہن سنگھ بھی بورڈ کا حصہ ہیں۔ اس کے علاوہ بی وینکٹیش ورما، جو انڈین فارن سروس سے ریٹائرڈ ہیں، سات رکنی بورڈ کے رکن بنائے گئے ہیں۔
این ایس اے بی کیا کام کرتا ہے؟
نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزری بورڈ ایک کثیر الجہتی ادارہ ہے، جس میں حکومت سے باہر کے معتبر افراد شامل کیے جاتے ہیں۔ اس بورڈ کا بنیادی کام نیشنل سیکیورٹی کونسل کو طویل المدتی تجزیات فراہم کرنا، اور اُن امور پر حل تجویز کرنا ہے جنہیں کونسل زیر غور لاتی ہے، نیز اُن سے جڑے مختلف منصوبوں پر تجاویز دینا بھی بورڈ کی ذمہ داری ہے۔
۔2018 کے بعد پہلی بار تبدیلی
2018 کے بعد این ایس اے بی میں پہلی مرتبہ تبدیلی کی گئی ہے۔ بورڈ میں فوج، پولیس اور سفارتی سروسز کے پس منظر سے تعلق رکھنے والے 7 افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ این ایس اے بی سیکیورٹی معاملات پر تجزیہ اور سفارشات فراہم کرتا ہے۔ پہلگام میں دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں مرکز نے این ایس اے بی میں یہ تبدیلیاں کی ہیں، جنہیں انتہائی اہم سمجھا جا رہا ہے۔
حکومت کی 5 اہم میٹنگز
آج صبح سے وزیر اعظم نریندر مودی نے لگاتار 5 بڑی میٹنگز کیں، جن میں کابینہ کی سیکیورٹی کمیٹی (سی سی ایس )، پبلک افیئرز کمیٹی (سی سی پی اے )، اکنامک افیئرز کمیٹی (سی سی ای اے ) اور سینٹرل سیکریٹریز کی میٹنگز شامل تھیں۔ وزیر اعظم نے دفاع، خارجہ اور داخلہ کے وزیروں کے ساتھ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔ ان تمام میٹنگز کا دورانیہ تقریباً تین گھنٹے رہا، جو صبح 11 بجے وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر شروع ہوئی تھیں۔ یاد رہے، پہلگام حملے کے بعد 23 اپریل کو سی سی ایس کی پہلی میٹنگ بلائی گئی تھی۔