مریض سےرشوت کا معاملہ:ایمس سے رپورٹ طلب

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 22-09-2022
 مریض سےرشوت کا معاملہ:ایمس سے رپورٹ طلب
مریض سےرشوت کا معاملہ:ایمس سے رپورٹ طلب

 

 

نئی دہلی :مرکزی وزارت صحت نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) دہلی کے شعبہ امراض نسواں اور ایک ڈاکٹر کے مبینہ طور پر 'سرجری' کے لیے ایک مریض کے والد سے رقم مانگنے کے معاملے میں اسپتال سے رپورٹ طلب کی ہے۔

 فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی ابتدائی انکوائری میں ڈاکٹر کے خلاف شکایت قابل سماعت پائی گئی۔ اس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے انہیں محکمہ سے ہٹا کر نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ، جھجر بھیجنے کی ہدایت کی۔

اس سلسلے میں جون میں شکایت کی گئی تھی۔ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق ایمس دہلی کے سیکورٹی گارڈ لال سنگھ چوبے نے شکایت درج کروائی تھی کہ اکتوبر 2021 میں اپنی بیٹی کے علاج کے لیے انہوں نے ایک ڈاکٹر سے رابطہ کیا تھا جنہوں نے بعد میں بتایا کہ ان کی بیٹی کو 'سرجری' کی ضرورت ہے۔

 ان کی بیٹی کی 'سرجری' گزشتہ سال 30 اکتوبر2021 کو ہوئی تھی۔ چوبے نے الزام لگایا کہ 'سرجری' سے پہلے ڈاکٹر نے انہیں بتایا کہ اس پر تقریباً 40,000 روپے خرچ ہوں گے کیونکہ اس کے لیے کچھ سامان درکار ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ کو صبح سویرے ایک سپلائر سے دن  میں ملوایا گیا جس دن اس کی بیٹی کی 'سرجری' ہونی تھی۔  چوبے نے الزام لگایا کہ اس نے سپلائی کرنے والے کو 36,000 روپے نقد دیے اور جب اس نے رسید مانگی تو اس نے کہا کہ اگر وہ رسید چاہتے ہیں تو اسے گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) ادا کرنا ہوگا۔ اس لیے اس نے دوبارہ رسید نہیں مانگی۔