بنگال کے وزیر قانون کی رہائش گاہ پر سی بی آئی کاچھاپہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 07-09-2022
بنگال کے وزیر قانون کی رہائش گاہ پر سی بی آئی کاچھاپہ
بنگال کے وزیر قانون کی رہائش گاہ پر سی بی آئی کاچھاپہ

 


کولکتہ : مغربی بنگال کے وزیر قانون مولائے گھٹک کی آسنسول کی رہائش گاہ پر سی بی آئی کا چھاپہ پڑا ہے ۔ اس کے علاوہ سی بی آئی مولائے گھٹک سے متعلق دارالحکومت کولکتہ میں 5 دیگر مقامات پر بھی چھاپے مار رہی ہے۔ اس طرح مغربی بنگال میں کوئلہ گھوٹالے کو لے کر کل 6 مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ یہ چھاپے 2020 میں کروڑوں کے کوئلہ گھوٹالے کے سلسلے میں مارے جا رہے ہیں جس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ جولائی میں سی بی آئی نے بنگال کوئلہ اسمگلنگ کیس میں 41 لوگوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔

مولائے گھٹک مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے خاص رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔ ان کا شمار ٹی ایم سی کے قدآور لیڈروں میں ہوتا ہے۔ بدھ کی صبح سی بی آئی کے اہلکار اپنے سیکورٹی عملے کے ساتھ مغربی بنگال کے وزیر قانون مولائے گھٹک کے گھر پہنچے اور چھاپہ مارنا شروع کیا۔ اس دوران مقامی پولیس کے ساتھ سی آر پی ایف کے اہلکار بھی ان کے ساتھ ہیں۔ مغربی بنگال میں چھاپے کے دوران سی بی آئی کی آٹھ ٹیمیں مصروف ہیں۔

مولائے گھٹک آسنسول سے ایم ایل اے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سی بی آئی کو ٹی ایم سی لیڈر کے بارے میں خفیہ اطلاع ملی تھی جس کے بعد یہ چھاپہ مارا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے 2 ستمبر کو ای ڈی کی ٹیم نے مولائے گھٹک کو طلب کیا تھا۔ انہیں کوئلہ گھوٹالہ معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے 14 ستمبر کو طلب کیا گیا ہے۔ کوئلہ گھوٹالے میں ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی سمیت کئی لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مغربی بنگال میں غیر قانونی کان کنی ہو رہی ہے۔

سی بی آئی اور ای ڈی دونوں تحقیقاتی ایجنسیاں یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہیں کہ آیا ان چھاپوں میں مولائے گھٹک کا کوئلہ گھوٹالے میں کوئی رول تھا یا نہیں۔ ای ڈی اس معاملے میں منی لانڈرنگ اور سی بی آئی مجرمانہ پہلو کی جانچ میں شامل ہے۔ الزام ہے کہ آسنسول کے قریب کنستوریا اور کجورہ علاقوں میں ایسٹرن کول فیلڈ کی لیز پر دی گئی کانوں سے غیر قانونی کان کنی کی گئی تھی۔