کولکاتا:منگل کی شام کولکاتا کے برابازار علاقے کی ایک تنگ گلی میں ایک ہولناک سانحہ اس وقت پیش آیا جب ایک سستی چھ منزلہ ہوٹل میں اچانک لگنے والی آگ نے پورے علاقے میں قیامت بپا کر دی۔ آگ نے ہوٹل کو دھویں، خوف اور موت کے دہکتے بھٹے میں بدل دیا۔بدھ کی صبح میچھوپٹی کے علاقے کی فضا اب بھی راکھ اور غم کی بو سے بوجھل تھی۔
ہوٹل کے سیاہ پڑ چکے راہداریوں میں جلی ہوئی چپلیں اور سوٹ کیس بکھرے پڑے تھے، جہاں فرانزک ٹیمیں راکھ میں شواہد تلاش کر رہی تھیں۔یہ دل دہلا دینے والا واقعہ کولکاتا کے مصروف علاقے میچھوپٹی میں پیش آیا، جہاں ایک بجٹ ہوٹل میں لگی آگ نے 14 جانیں نگل لیں، جن میں دو بچے بھی شامل تھے۔ مہمان مدد کے لیے چیختے چلاتے، دھویں میں دم گھٹتے، اور کچھ جان بچانے کے لیے اوپری منزلوں سے کودتے دیکھے گئے۔
گلی میں مہمانوں کی دل خراش چیخیں گونج رہی تھیں جب آگ نے اس تنگ اور پرانی عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جہاں 42 کمروں میں 88 افراد مقیم تھے۔ایک دکاندار نے بتایا کہ میں نے ایک بچے کو تیسری منزل کی کھڑکی سے اپنی ماں کو پکارا، لیکن اس سے پہلے کہ کوئی کچھ کر پاتا، دھواں اسے نگل گیا۔آگ منگل کی رات تقریباً 8 بجے دوسری منزل سے شروع ہوئی۔ چند ہی منٹوں میں دھواں سیڑھیوں اور راہداریوں میں پھیل گیا، ہوٹل اندھیرے اور خوف میں ڈوب گیا۔ایک پھل فروش نے بتایا: "میں کھانے ہی والا تھا کہ بجلی چلی گئی۔ پھر چیخیں سنائی دیں۔ لوگ کھڑکیوں پر دستک دے رہے تھے، کپڑے باہر پھینک رہے تھے۔ پھر ایک آدمی نے چھلانگ لگائی۔ وہ زمین پر گرا اور پھر نہیں اٹھا۔
فائر بریگیڈ کے 10 انجن، سیڑھیاں اور رسیاں لے کر پہنچے، لیکن آگ بہت تیزی سے پھیل چکی تھی۔تنگ گلیوں نے ریسکیو میں رکاوٹ ڈالی، اور پرانی عمارت ایک "گیس چیمبر" میں بدل گئی، جیسا کہ ایک اہلکار نے بیان کیا۔فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک افسر نے بتایا کہ ہمیں دھواں باہر نکالنے کے لیے کھڑکیاں توڑنی پڑیں، تب جا کر اندر داخل ہو سکے۔ جب ہم اوپری منزلوں تک پہنچے، تو کئی لوگ پہلے ہی گر چکے تھے۔
مرشدآباد سے تعلق رکھنے والے ایک گارمنٹس تاجر، جو اس حادثے میں زندہ بچ گئے، نے بتایا کہ وہ دروازے کے نیچے سے آنے والے دھویں سے جاگے۔میں نے تولیہ چہرے پر لپیٹا اور رینگتے ہوئے باہر نکلا۔ راہداری مکمل تاریک تھی۔ لوگ گرتے پڑتے، روتے جا رہے تھے۔ کوئی دعا مانگ رہا تھا۔میں نے اپنے پڑوسی کا دروازہ کھٹکھٹایا، لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔ شاید وہ نہیں بچ سکا۔ریسکیو اہلکاروں نے پوری رات کام کیا اور آخرکار صبح 3 بجے کے قریب آگ پر قابو پایا۔لیکن تب تک وہ اوپری منزلوں سے لاشیں نکالتے رہے، جہاں مہمان جان بچانے کی کوشش میں چھت کی طرف بھاگے تھے، مگر دھویں نے انہیں پہلے ہی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ایک مقامی رہائشی جیتو پوڈدار نے بتایاکہ انہیں لگا چھت پر جانا محفوظ ہوگا، لیکن دھواں وہاں پہلے ہی پہنچ چکا تھا۔
حکام نے تصدیق کی کہ مرنے والوں میں 11 مرد، ایک عورت اور دو بچے شامل ہیں۔ 13 دیگر افراد کو جھلسنے اور دھویں سے دم گھٹنے کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے تاکہ آگ لگنے کی وجہ کا تعین کیا جا سکے۔ابتدائی شبہ شارٹ سرکٹ پر ہے، لیکن ہوٹل کی حفاظتی تدابیر پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا: "ہم دیکھ رہے ہیں کہ آیا فائر الارم یا آگ بجھانے والے آلات کام کر رہے تھے یا نہیں۔"بدھ کی صبح، غمزدہ خاندان لاشوں کی شناخت کے لیے علاقے میں پہنچنا شروع ہو گئے، جن میں کئی مغربی بنگال سے باہر کے لوگ بھی شامل تھے۔زیادہ تر متاثرین مزدور یا تاجر تھے، جو اس گنجان کاروباری مرکز میں عارضی طور پر مقیم تھے۔جب آگ بجھی، تو اس کے ساتھ 14 افراد کی زندگیاں اور خواب بھی جل کر خاک ہو گئے، جو صرف غلط وقت پر غلط جگہ پر موجود تھے۔