درگاہوں پر قوالی سننے جائیں گے بی جے پی لیڈر، مگرکیوں؟

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 09-04-2023
درگاہوں پر قوالی سننے جائیں گے بی جے پی لیڈر، مگرکیوں؟
درگاہوں پر قوالی سننے جائیں گے بی جے پی لیڈر، مگرکیوں؟

 

نئی دہلی : یہ مانا جاتا ہے کہ ملک کے مسلمان بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے۔ لیکن 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے بی جے پی ہر طبقے کے ساتھ مسلمانوں کی بھی مدد لینے میں لگی ہوئی ہے۔ بی جے پی تمام طبقات کو اپنے حصار میں لانے کے لیے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر کانفرنسیں کر رہی ہے۔مانا جاتا ہے کہ شاہ رشید احمد قادری کو پدم شری ایوارڈ دینا اور تنظیم سے اقتدار تک وزن دینا بی جے پی کی حکمت عملی میں شامل ہے۔

دریں اثنا، اتر پردیش میں، پارٹی نے ایک نئی مشق شروع کی ہے، جس کے تحت یوگی حکومت 'صوفی سمواد مہابھیان' کو منظم کرنے جا رہی ہے. بی جے پی مسلم کمیونٹی کو راغب کرنے کے لیے پروگرام منعقد کرے گی۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے بھگوا پارٹی نے یہ نئی حکمت عملی بنائی ہے، جس پر کام زوروشور سے کیا جا رہا ہے۔

اس پروگرام کے تحت بی جے پی کے مسلم رہنما قوالی سننے کے لیے مختلف درگاہوں پر جائیں گے۔ ساتھ ہی ساتھ قوالی کے ذریعے پارٹی لیڈر پی ایم نریندر مودی کی پالیسیوں کی تشہیر کریں گے۔ بی جے پی اقلیتی محاذ ملک بھر میں صوفی سمواد مہا ابھیان چلائے گی۔

اس مہم کے تحت لوگوں کو سمجھایا جائے گا کہ مسلمانوں کو بھی بی جے پی حکومت کی تمام اسکیموں کا فائدہ بغیر کسی امتیاز کے مل رہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اتر پردیش میں بلدیاتی انتخابات کے بعد ریاست کے تمام بڑے شہروں کی درگاہوں میں صوفی سمواد مہا ابھیان پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس کے تحت بی جے پی نے یوپی کے اقلیتی محاذ کے تمام عہدیداروں سے صوفی درگاہوں اور ان کے خادموں کی فہرست مانگی ہے۔ مہم کے دوران قوالی کے دوران بی جے پی کے کئی ریاستی اور مرکزی وزراء کے بھی موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔