پٹنہ:ریاست بہار کی راجدھانی پٹنہ میں پولس انتظامیہ کا وحشیانہ رویہ کھل کر سامنے آیا ہے۔ پٹنہ ضلع کے اے ڈی ایم کے کے سنگھ نے یہاں ٹی ای ٹی امتحان کے انعقاد کے لیے ترنگا ہاتھ میں لے کراحتجاج کرنے والے امیدواروں کو نہ صرف گھسیٹا بلکہ امیدواروں پر لاٹھیاں برسائیں، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہو رہا ہے۔
اس دوران احتجاج کرنے والے امیدواروں پر واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔ اس دوران پٹنہ کے اے ڈی ایم نے طالب علم کو زمین پر پٹخ دیا اور اس پر لاٹھیاں برسائیں۔ طالب علم کے ہاتھ میں ترنگا تھا، جسے وہاں کھڑے پولس والوں نے چھین لیا اور ایس ڈی ایم طالب علم پر بے رحمی سے لاٹھیاں برساتے ہوئے کیمرے میں قید ہو گئے۔ پولیس کے لاٹھی چارج میں کئی احتجاجی طلباء زخمی بھی ہوئے۔
بی جے پی آئی ٹی سیل کے انچارج امیت مالویہ نے اس واقعے پر ٹویٹ کیا اور لکھا، '20 لاکھ نوکریاں دینے کی بات کرنے والے نتیش کمار کی پولیس نے پٹنہ میں احتجاج کرنے والے ٹیچر امیدواروں کو غیر انسانی طریقے سے مارا پیٹا۔
بہار میں حال ہی میں نتیش کمار کی قیادت میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنی ہے۔ تیجسوی یادو اور ان کی پارٹی این ڈی اے حکومت کے دوران طلبہ پر لاٹھی چارج کی مخالفت کرتی رہی ہے اور وہ اگنی ویر کے مظاہرے کے دوران کئی بار اس مسئلہ کو اٹھا چکے ہیں۔
بہار کے ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو نے بھی اقتدار میں آتے ہی نوجوانوں کو 20 لاکھ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا لیکن اب ان کی اپنی پولیس امیدواروں کے ساتھ وحشیانہ سلوک کر رہی ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ بہار میں نئی حکومت کے قیام کے بعد آر جے ڈی لیڈر تیج پرتاپ یادو نے کہا کہ حکومت بنی ہے۔ اب سب کو روزگار ملے گا۔ لاکھوں کروڑوں لوگوں کو روزگار ملے گا۔ تیجسوی نے 10 لاکھ لوگوں کو روزگار دینے کی بات کی تھی، اب دی جائے گی۔