سمندری طوفان تاؤتے سے محتاط رہیں ، حکومت کی مکمل تیاری: گہلوت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-05-2021
راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت
راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت

 

 

 جے پور

راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے ریاست کے لوگوں سے تاؤتے طوفان سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ سوشل میڈیا پر اپیل کرتے ہوئے مسٹر گہلوت نے کہا کہ سمندری طوفان تاؤتے کے پیش نظر ریاست میں مکمل تیاری کی جارہی ہے ، جس میں ضروری انتظامات بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے سبھی سے طوفان سے محتاط رہنے کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ اب تک جو توقع کی جارہی ہے اس کے مطابق سمندری طوفان تاؤتے جام نگر کو ہٹ کر سکتا ہے جو راجستھان کے لئے آکسیجن سپلائی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے ، اس سلسلے میں افسران کو اجلاس کے بعد متبادل ایمرجسنی منصوبہ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیر اعلی نے کہا’’محکمہ موسمیات کے مطابق جودھ پور ، اُدے پور ، کوٹہ ، اجمیر ، جے پور اور بھرت پور ڈویژن کے اضلاع طوفان سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ آج ڈونگر پور میں آندھی اور بارش ہوئی ، جس میں کچھ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور نقصانات کی بھی اطلاعات ہیں ۔ میں متاثرہ افراد سے گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں کو بھی طوفان سے متاثرہ علاقوں میں تعینات کرنے اور ہر صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گجرات سے آنے والے طوفان کے تناظر میں ریاست بھر میں آکسیجن کی فراہمی برقرار رکھنے اور بفر اسٹاک تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس طوفان نے اسپتالوں کو بجلی کی فراہمی میں خلل نہیں ڈالا۔ اسپتالوں میں بجلی کے جنریٹروں کے متبادل انتظامات رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ محکمہ موسمیات نے پیر سے جمعرات چار دن کے دوران جے پور ، جودھ پور ، کوٹہ ، اُدے پور ، اجمیر اور بھرت پور ڈویژن میں سمندری طوفان تاؤ کے پیش نظر الرٹ جاری کیا ہے۔