بیگوسرائے فائرنگ:واردات سے پہلے ملزموں نے شراب پی تھی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2022
بیگوسرائے فائرنگ:واردات سے پہلے ملزموں نے شراب پی تھی
بیگوسرائے فائرنگ:واردات سے پہلے ملزموں نے شراب پی تھی

 

 

بیگوسرائے: بیگوسرائے میں اندھا دھند فائرنگ کے معاملے میں چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس واقعہ میں یوراج، ناگا اور چنچن کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ اس میں صرف چُنچُن ہی ماسٹر مائنڈ ہے، جو شراب کے کاروبار سے وابستہ ہے۔

چنچن خود اس واقعے میں ملوث نہیں تھا لیکن اس کے کہنے پر سب اس واقعے سے جڑے ہوئے تھے۔ ناگا موٹر سائیکل پر نارنجی رنگ کی قمیض میں ہے۔ جبکہ یوراج سفید قمیض میں اس کے پیچھے بیٹھا ہے، جو فائرنگ کر رہا تھا، جبکہ دوسری موٹر سائیکل پر سمیت اور ایک اور مجرم بیٹھے ہوئے تھے، جنہیں ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا، ٹیم چھاپے مار رہی ہے۔

اب تک کی پوچھ گچھ میں جو معلومات سامنے آئی ہیں ان میں ان کا سیاسی تعلق سامنے آیا ہے۔ ان کے موبائل فون کو فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ انہوں نے واردات سے پہلے شراب نوشی کی تھی۔

چنچن نے کہا تھا کہ آج انتظامیہ کو سبق سکھانا ہے۔ فائرنگ سے ایک شخص کی موت ہوئی جبکہ دس زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل فائرنگ کے سلسلے میں گشت میں کوتاہی کے الزام میں سات پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا تھا۔

اسی دوران بیگوسرائے کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے پٹنہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب بھی بہار میں مہا گٹھبندھن کی حکومت آتی ہے، ریاست میں امن و امان کی صورتحال بگڑنے لگتی ہے۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اب جنگل راج کو جنتا راج قرار دیا ہے جو کہ مضحکہ خیز ہے۔ وہ (وزیر اعلیٰ) ریاست میں آر جے ڈی لیڈروں کے دباؤ میں کام کر رہے ہیں۔