مراد آباد میں بنایا جائے گا اے ٹی ایس کا نیا دفتر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 01-12-2021
مراد آباد میں بنایا جائے گا اے ٹی ایس کا نیا دفتر
مراد آباد میں بنایا جائے گا اے ٹی ایس کا نیا دفتر

 

 

آواز دی وائس، مرادآباد

ریاست اترپردیش کے ضلع مراد آباد میں محکمہ پولیس نے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کا نیا دفتر قائم کرنے کے لیے زمین دریافت کی ہے۔ محکمہ پولیس نے تین جگہوں پر اراضی کو نشان زد کرکے حکومت کو تجویز بھیجی ہے۔

حکومت کی طرف سے تجویز کی منظوری کے بعد تعمیراتی کام شروع ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ایس ایس پی نے پولیس لائنز میں اے ٹی ایس یونٹ کو عارضی طور پر ایک کمرہ دیا ہے۔

ایس ایس پی نے کہا کہ جب تک نیا دفتر تعمیر نہیں ہوتا، اے ٹی ایس یونٹ عارضی دفتر سے اپنا کام کرتا رہے گا۔ مرادآباد ڈویژن کے تمام اضلاع حساس ہیں۔ بجنور، رام پور، سنبھل اور امروہہ میں کئی دہشت گرد تنظیموں سے وابستہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے مراد آباد میں اے ٹی ایس یونٹ کا دفتر بنایا جا رہا ہے۔

محکمہ پولیس کی جانب سے اے ٹی ایس کے دفتر کے لیے زمین دینے کی کارروائی کی جارہی ہے۔ ایس ایس پی ببلو کمار نے بتایا کہ پاکبرا اور کٹگھر تھانہ علاقے میں کنٹھ روڈ کے ساتھ اے ٹی ایس دفتر کے لیے زمین کو نشان زد کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ان تین تھانوں کے علاقوں میں محکمہ پولیس کے پاس زمین ہے۔ جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد زمین دینے کی تجویز تیار کرکے حکومت کو بھیجی گئی ہے۔ اس کے ساتھ متبادل دفتر کے لیے پولیس لائنز میں اے ٹی ایس یونٹ کو ایک نیا کمرہ الاٹ کیا گیا ہے۔

جب تک مرادآباد میں اے ٹی ایس کا نیا دفتر نہیں بنایا جاتا، اے ٹی ایس کی یونٹ پولیس لائنس میں واقع دفتر سے اپنا کام کرتی رہے گی۔